
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔
ملک کی سرکردہ لائف انشورنس کمپنیوں میں سے ایک ایس بی آئی لائف انشورنس نے 30 ستمبر کو ختم ہونے والی مدت کے دوران شاندار مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1,274 کروڑ روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے۔ گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کا منافع 1,089 کروڑ روپے تھا، اس طرح اس میں 17 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ کمپنی کا نیا کاروباری پریمیم بھی بڑھ کر 20,259 کروڑ روپے ہوگیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 18,349 کروڑ روپے تھا۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ باقاعدہ پریمیم میں سالانہ بنیاد پر 21 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ تحفظاتی بیمہ کاروبار میں بھی نمایاں ترقی ہوئی۔ پروٹیکشن نیو بزنس پریمیم 46 فیصد بڑھ کر 3,235 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ انفرادی پروٹیکشن نیو بزنس پریمیم 20 فیصد اضافے کے ساتھ 446 کروڑ روپے رہا۔ انفرادی نئے کاروباری پریمیم میں 13 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 13,732 کروڑ روپے ہوگیا۔
ایس بی آئی لائف انشورنس کے مطابق، کمپنی کا سالانہ پریمیم مساوی (اے پی ای) 18 فیصد بڑھ کر 11,746 کروڑ روپے ہوگیا۔ نئے کاروبار کی قدر (وی او این بی) 19 فیصد اضافے کے ساتھ 3,274 کروڑ روپے رہی، جبکہ وی او این بی مارجن 27.9 فیصد درج کیا گیا۔ کمپنی کی انڈین ایمبیڈڈ ویلیو بھی 15 فیصد بڑھ کر 87,349 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
کمپنی کے مطابق، 30 ستمبر تک ایس بی آئی لائف کے زیر انتظام اثاثوں (اے یو ایم) کا حجم 9 فیصد بڑھ کر 5,27,120 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ کمپنی کا سولوینسی تناسب 1.97 رہا، جبکہ ضابطہ جاتی ضرورت 1.50 ہے۔ کمپنی کی قرض سرمایہ کاری کا 94 فیصد حصہ اے اے اے ریٹنگ والے سرمایہ کاری کے ذرائع اور سرکاری سیکیورٹیز میں لگایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ