الیکسیا پوتیاس نے تیسری بار جیتی خواتین بیلن ڈی ٹرافی
لندن، 27 اکتوبر (ہ س)۔ اسپین کی نامور فٹبالر الیکسیا پوتیاس نے تیسری بار ویمنز بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ بارسلونا اور اسپین کی سابق مڈفیلڈر پوتیاس کو پیر کے روز لندن کے پیلیڈیم تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں 2026 کا ویمنز بیلن ڈی او
اسپین کی نامور فٹبالر الیکسیا پوتیاس


لندن، 27 اکتوبر (ہ س)۔ اسپین کی نامور فٹبالر الیکسیا پوتیاس نے تیسری بار ویمنز بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ بارسلونا اور اسپین کی سابق مڈفیلڈر پوتیاس کو پیر کے روز لندن کے پیلیڈیم تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں 2026 کا ویمنز بیلن ڈی اور پیش کیا گیا۔ انہوں نے اس سے قبل 2021 اور 2022 میں بھی یہ باوقار ایوارڈ جیتا تھا۔

32 سالہ پوتیاس کے لیے گزشتہ سیزن شاندار رہا۔ بارسلونا کے ساتھ رہتے ہوئے انہوں نے لیگا ایف، کوپا ڈی لا رینا، اسپینش سپر کپ اور یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کا خطاب جیتا۔ اسپین کی قومی ٹیم نے بھی ان کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔ ٹیم نے یوئیفا نیشنز لیگ کا خطاب جیتا اور یورپیئن ویمنز چیمپئن شپ میں رنر اپ رہی۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد پوتیاس نے اپنی ٹیم کی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ”میں سب سے پہلے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہاں موجود کوئی بھی کھلاڑی اس ایوارڈ کو جیتنے کی حقدار تھی اور اس وقت یہاں کھڑے ہو کر یہ خطاب کر سکتی تھی۔ آپ سب کے ساتھ کھیلنا میرے لیے بے حد خوشی کی بات ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے کئی مشکلات، چوٹوں اور غیر متوقع حالات کا سامنا کیا۔ کپتان کی حیثیت سے انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ گزرے تجربات ان کے لیے انتہائی خاص ہیں۔

پوتیاس نے دنیا بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ فٹبال پسند کرتے ہیں اور اس کھیل میں کیریئر بنانا چاہتے ہیں، تو انہیں اپنے خوابوں کا پیچھا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا، ”دنیا بھر کے لڑکوں اور لڑکیوں سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ اگر آپ کو فٹبال پسند ہے اور آپ کھیلنا چاہتے ہیں، تو ضرور کھیلیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ لڑکے ہیں یا لڑکی، یا آپ کا تعلق کہاں سے ہے۔ اگر کوئی آپ سے کہتا ہے کہ آپ ایسا نہیں کر سکتے، تو اس کی بات مت سنیں۔ خود پر بھروسہ رکھیں۔“

پوتیاس کے لیے یہ اعزاز اس لیے بھی خاص رہا کیونکہ تقریب لندن میں منعقد ہوئی، جہاں وہ اب اپنے کیریئر کا نیا باب شروع کر چکی ہیں۔ بارسلونا کے ساتھ 36 ٹرافیاں جیتنے کے بعد وہ اس سال ویمنز سپر لیگ کی ٹیم لندن سٹی لائنیسز سے وابستہ ہوئیں۔ وہ بارسلونا کی سب سے زیادہ خطابات جیتنے والی خاتون کھلاڑی کی حیثیت سے کلب سے رخصت ہوئیں۔

تیسری بار ویمنز بیلن ڈی اور جیتنے کے ساتھ ہی پوتیاس نے اپنی ہم وطن ایتانا بونماتی کی برابری بھی کر لی۔ بونماتی نے پچھلے سال لگاتار تیسری بار یہ ایوارڈ جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ اب دونوں ہسپانوی کھلاڑیوں کے نام ویمنز بیلن ڈی اور کے 3-3 خطاب ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande