
ویلنگٹن، 27 اکتوبر (ہ س)۔ ابھیشیک شرما کی طوفانی سنچری کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے منگل کو پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابل تسخیربرتری حاصل کرلی۔ ابھیشیک نے محض 35 گیندوں میں سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 113 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ ہندوستان نے 199 رن کا ہدف صرف 13.2 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو ابھیشیک شرما اور ویبھو سوریہ ونشی نے طوفانی آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے جیکب ڈفی کے پہلے اوور میں 26 رن بٹورے۔ دوسرے اوور میں 17 اور تیسرے اوور میں 21 رن بنے۔ اس طرح ہندوستان نے محض تین اوور میں بغیر کسی نقصان کے 64 رن بنا لیے۔
پاور پلے میں بھی ہندوستانی بلے بازوں کا جارحانہ انداز برقرار رہا۔ ٹیم نے چوتھے اوور میں 20، پانچویں میں 16 اور چھٹے اوور میں 18 رن بنائے۔ ہندوستان نے چھ اوور میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 118 رن بنا لیے۔ ابھیشیک نے محض 15 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔
میتھیو فشر نے آٹھویں اوور میں ویبھو سوریہ ونشی کو آو¿ٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ ویبھو نے 19 گیندوں پر 45 رن بنائے، جن میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ تاہم، ابھیشیک نے اسی اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر ہندوستان کا اسکور 156 رن تک پہنچا دیا۔
ابھیشیک نے کائل جیمیسن کے خلاف دسویں اوور میں محض 35 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد بھی ان کا جارحانہ کھیل جاری رہا۔ آخرکار جیمیسن نے انہیں 113 رن کے انفرادی اسکور پر آو¿ٹ کیا۔ ابھیشیک نے اپنی 38 گیندوں کی اننگز میں 11 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔
اس کے بعد شریئس ایر اور سنجو سیمسن کی وکٹیں گرنے سے ہندوستان کی رن بنانے کی رفتار کچھ سست ہوئی، لیکن ٹیم نے 40 گیندیں باقی رہتے ہی ہدف حاصل کرلیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمیسن نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فشر اور مچل سینٹنر کو ایک ایک وکٹ ملی۔ تاہم، نیوزی لینڈ کا کوئی بھی گیند باز 12 رن فی اوور سے کم کی شرح سے رن خرچ نہیں کرسکا۔
مچل کے 89 رن، نیوزی لینڈ نے 198 رن بنائے
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی شاندار 89 رن کی اننگز کی بدولت تین وکٹ کے نقصان پر 198 رن بنائے۔ مچل نے 52 گیندوں پر 89 رن بنائے اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ بیون جیکبز نے 23 گیندوں پر 39 رن کا تعاون دیا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 75 رن کی اہم شراکت داری کی۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ارشدیپ سنگھ نے ابتدائی جھٹکا دیا۔ انہوں نے ٹم سیفرٹ کو دو رن پر آو¿ٹ کیا۔ اس کے بعد مچل اور فن ایلن نے اننگز کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کے لیے 86 رن جوڑے۔ ایلن نے 25 گیندوں پر 40 رن بنائے، جن میں پانچ چھکے شامل تھے۔ انہیں نتیش کمار ریڈی نے آو¿ٹ کیا۔
گلین فلپس اپنے 100ویں ٹی 20 بین الاقوامی مقابلے میں صرف 17 رن بنا سکے۔ انہیں اکشر پٹیل نے 12ویں اوور میں پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد مچل اور جیکبز نے اننگز کو آگے بڑھایا۔
ایک وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم دو وکٹ کے نقصان پر 100 رن بنا کر مضبوط پوزیشن میں تھی، لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے آخری اوورز میں رن بنانے کی رفتار پر قابو پایا اور میزبان ٹیم کو 200 رن کے پار نہیں جانے دیا۔
ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار کو ایک بار پھر کوئی وکٹ نہیں ملی۔
اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ کے لیے اب باقی دونوں مقابلوں میں جیت درج کرکے اپنی ساکھ بچانے کا چیلنج ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ 30 اکتوبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد