کارور روبوویلڈ کا آئی پی او کل سبسکرپشن کے لیے کھلے گا، 30 اکتوبر تک بولی لگانے کا موقع
نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ صنعتی مصنوعات کے شعبے میں سرگرم کمپنی کارور روبوویلڈ لمیٹڈ کا 28.29 کروڑ روپے مالیت کا ابتدائی عوامی ایشو (آئی پی او) کل سبسکرپشن کے لیے کھولا جائے گا۔ کمپنی میٹل کور وائرز، ویلڈنگ راڈز اور گوجنگ الیکٹروڈز سمیت ویلڈنگ میں
شیئربازار


نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ صنعتی مصنوعات کے شعبے میں سرگرم کمپنی کارور روبوویلڈ لمیٹڈ کا 28.29 کروڑ روپے مالیت کا ابتدائی عوامی ایشو (آئی پی او) کل سبسکرپشن کے لیے کھولا جائے گا۔ کمپنی میٹل کور وائرز، ویلڈنگ راڈز اور گوجنگ الیکٹروڈز سمیت ویلڈنگ میں استعمال ہونے والی اشیا تیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ویلڈنگ کے اسپیئر پارٹس اور لوازمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فورجنگ کی صنعت کو فورجنگ ڈائی کی دوبارہ تیاری اور ویلڈنگ روبوٹس کرائے پر فراہم کرنے جیسی اضافی قدر پر مبنی انجینئرنگ خدمات بھی مہیا کرتی ہے۔ سرمایہ کار اس آئی پی او میں 30 اکتوبر تک بولی لگا سکیں گے۔

آئی پی او بند ہونے کے بعد 2 نومبر کو حصص کی الاٹمنٹ کی جائے گی، جب کہ 3 نومبر کو الاٹ کیے گئے حصص کامیاب سرمایہ کاروں کے ڈی میٹ کھاتوں میں منتقل کر دیے جائیں گے۔ اسی روز ان سرمایہ کاروں کی رقم واپس کرنے کا عمل بھی شروع ہو جائے گا جنہیں حصص الاٹ نہیں ہوں گے۔ کمپنی کے حصص 4 نومبر کو بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کے ایس ایم ای پلیٹ فارم پر درج ہونے کی توقع ہے۔

اس آئی پی او کے لیے فی حصص قیمت کی حد 76 روپے سے 80 روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ ایک لاٹ میں 1,600 حصص شامل ہوں گے۔ خردہ سرمایہ کار کم از کم دو لاٹ، یعنی 3,200 حصص کے لیے بولی لگا سکتے ہیں، جس کے لیے انہیں 2,56,000 روپے کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ چھوٹے اعلیٰ مالیت کے انفرادی سرمایہ کار (اسمال ایچ این آئی) کم از کم تین لاٹ، یعنی 4,800 حصص کے لیے بولی لگا سکتے ہیں، جس کے لیے 3,84,000 روپے درکار ہوں گے۔ اس آئی پی او کے تحت 10 روپے فی حصص کے طورپر 35,36,000 نئے حصص جاری کیے جا رہے ہیں۔

اس آئی پی او میں مارکیٹ میکر کے زمرے کے لیے 1,77,600 حصص مختص کرنے کے بعد باقی خالص پیش کش میں سے اہل ادارہ جاتی خریداروں (کیو آئی بی) کے لیے زیادہ سے زیادہ 50 فیصد حصہ محفوظ رکھا گیا ہے۔ خردہ سرمایہ کاروں کے لیے کم از کم 35 فیصد اور غیر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (این آئی آئی) کے لیے کم از کم 15 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔ اس پورے ایشو کے لیے اسمارٹ ہورائزن کیپیٹل ایڈوائزرز پرائیویٹ لمیٹڈ کو بک رننگ لیڈ منیجر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ بگ شیئر سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ رجسٹرار کی ذمہ داریاں انجام دے گی۔ اس کے علاوہ شریج شیئرز لمیٹڈ کمپنی کے مارکیٹ میکر کے طور پر کام کرے گی۔

چوں کہ یہ آئی پی او مکمل طور پر نئے حصص کے اجراء پر مشتمل ہے، اس لیے ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم میں سے 11.99 کروڑ روپے کمپنی ویلڈنگ روبوٹس کی خریداری اور اس سے متعلق سرمایہ جاتی اخراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کرے گی۔ مزید برآں، 8.60 کروڑ روپے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے لیے گئے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے اور قبل از وقت قرض کی ادائیگی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ باقی رقم عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے مختص کی جائے گی۔

کارور روبوویلڈ لمیٹڈ کی مالی صورتِ حال کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے پاس جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس میں درج معلومات کے مطابق، گزشتہ مالی برسوں کے دوران کمپنی کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 1.01 کروڑ روپے کا خالص منافع (ٹیکس کے بعد منافع) حاصل ہوا تھا، جو مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 1.45 کروڑ روپے ہو گیا۔ مالی سال 2025تا2026 میں اس میں 140 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا اور خالص منافع 3.48 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ موجودہ مالی سال 2026تا2027 کی پہلی سہ ماہی، یعنی 30 جون 2026 تک، کمپنی 1.49 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کر چکی تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande