بھارت-چلی آزاد تجارتی معاہدہ آخری مرحلے میں، کناڈا کے ساتھ مذاکرات میں اچھی پیش رفت: پیوش گوئل
نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ نیدرلینڈز کے دورے پر گئے مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت کئی ممالک اور گروپوں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چلی کے ساتھ مذاکرات معاہدے کو حتمی شک
تجارت


نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ نیدرلینڈز کے دورے پر گئے مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت کئی ممالک اور گروپوں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چلی کے ساتھ مذاکرات معاہدے کو حتمی شکل دینے کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں، جبکہ کینیڈا کے ساتھ بات چیت میں بھی اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔

پیوش گوئل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’میرا خیال ہے کہ چلی کے ساتھ جاری مذاکرات معاہدے کو حتمی شکل دینے کے کافی قریب ہیں۔ کینیڈا کے ساتھ بھی بہت اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔‘‘ مرکزی وزیر نے کہا کہ جنوبی افریقی کسٹمز یونین (ایس اے سی یو) کے ساتھ مذاکرات ابھی شروع ہوئے ہیں، اس لیے انہیں مکمل ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جنوبی افریقہ کی قیادت والی جنوبی افریقی کسٹمز یونین (ایس اے سی یو) کے ساتھ بات چیت شروع ہو چکی ہے۔ بھارت اور ایس اے سی یو نے اگست میں ترجیحی تجارتی معاہدے کی جانب باضابطہ مذاکرات شروع کرنے کے لیے شرائطِ کار (ٹی او آر) پر دستخط کیے تھے۔ ایس اے سی یو کے پانچ رکن ممالک بوٹسوانا، ایسواتینی (سابقہ سوازی لینڈ)، لیسوتھو، نمیبیا اور جنوبی افریقہ ہیں۔

دیگر معاہدوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ میکسیکو جلد از جلد ابتدائی مرحلے کا تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے کافی پرجوش ہے۔ وہ نیدرلینڈز کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات فطری طور پر سست رفتار ہیں اور انہیں آگے بڑھنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے 26 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے دورے کے دوران ڈچ حکومت کے رہنماؤں، ارکانِ پارلیمنٹ اور بڑی ڈچ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا، تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینا اور بھارتی و ڈچ کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande