
ممبئی، 27 اکتوبر(ہ س)۔ ایپل نے اپنا نیا آئی پیڈ منی متعارف کرایا ہے، جسے کمپنی نے اس سلسلے کی اب تک کی سب سے بڑی اپ گریڈ قراردیا ہے۔ نئے ماڈل میں اوایل ای ڈی ڈسپلے، تیزرفتارپروسیسر، بہترڈیزائن اورپانی وگردوغبارسے تحفظ جیسی خصوصیات شامل ہیں۔ ہندوستان میں اس کی ابتدائی قیمت 82900 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ فروخت 6 نومبر سے شروع ہوگی۔ پیشگی بکنگ 28 اکتوبرکو رات 10 بج کر 40 منٹ سے کی جاسکے گی۔نئے آئی پیڈ منی میں 8.5 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین دی گئی ہے، جبکہ سابقہ ماڈل میں 8.3 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے تھا۔ نئی اسکرین میں رنگ، کنٹراسٹ اور روشنی بہتر بنائی گئی ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ چمک 1200 نٹس ہے۔ تیزروشنی میں عکس کم کرنے کے لیے نینو ٹیکسچر گلاس کا متبادل بھی دستیاب ہے، تاہم یہ صرف 256 اور 512 جی بی ماڈلز میں اضافی قیمت پر ملے گا۔ ڈیوائس کی موٹائی 5.4 ملی میٹر اور وائی فائی ماڈل کا وزن تقریباً 254 گرام ہے۔ یہ مڈنائٹ اور اسٹارلائٹ رنگوں میں دستیاب ہوگا۔آئی پیڈ منی میں 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی اے 20 پرو چپ استعمال کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق پروسیسر کی رفتار 60 فیصد تک، گرافکس کارکردگی 2.7 گنا اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کاموں کی رفتار 4.5 گنا بڑھی ہے۔ اس میں 128، 256 اور 512 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگا۔ نئی آڈیو ٹیکنالوجی میں اسپیکر کے الگ سوراخ نہیں ہیں اور آواز ڈسپلے سے نکلتی ہے۔ ڈیوائس کو آئی پی 67 تحفظ حاصل ہے۔ فرنٹ کیمرا افقی کنارے پر رکھا گیا ہے۔ این 1 چپ وائی فائی 7 اور بلوٹوتھ 6، جبکہ سیلولر ماڈل کی سی 2 چپ 50 فیصد تک تیز انٹرنیٹ فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔128 جی بی وائی فائی ماڈل کی قیمت 82900 روپے اور سیلولر ماڈل کی 100900 روپے ہے۔ 512 جی بی ماڈل 118900 روپے سے شروع ہوگا، جبکہ اضافی سہولتوں کے ساتھ قیمت 148900 روپے تک پہنچے گی۔ تمام ماڈلز پر فوری کیش بیک اور بلاسود اقساط کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / جاوید این اے