
سری نگر، 26 اکتوبر (ہ س)۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں ریلوے اسٹیشن کے نزدیک واقع شیو مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے میں تقریباً 40 دکانوں کے خاکستر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرہ دکانداروں کو فوری امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بازآبادکاری اور کاروبار کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے سے متاثرہ دکانداروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کے نقصانات کا مناسب تخمینہ لگا کر انہیں معقول مالی معاوضہ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ دکانداروں کو اپنا کاروبار دوبارہ کھڑا کرنے اور روزگار کی بحالی کے لیے آسان شرائط پر کم شرحِ سود والے قرضے بھی دیے جائیں، تاکہ وہ جلد از جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔
انہوں نے اس مشکل گھڑی میں متاثرہ دکانداروں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ ان کی مشکلات کے ازالے اور معاشی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا اور صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا نے بھی آتشزدگی کے اس واقعے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ