
پیرس، 25 اکتوبر(ہ س)۔ ہندوستان کی دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو بی ڈبلیو ایف فرنچ اوپن 2026 کا خطاب جیتنے سے محروم رہ گئیں۔ اتوار کو کھیلے گئے خواتین کے سنگلز فائنل میں انہیں جنوبی کوریا کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی این سی ینگ کے ہاتھوں تین گیمز پر مشتمل مقابلے میں 21-16، 11-21، 12-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ این سی ینگ نے خطاب اپنے نام کرلیا۔
ایرینا گرینڈ پیرس میں کھیلے گئے فائنل میں سندھو نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا گیم 21-16 سے جیت لیا، لیکن اس کے بعد جنوبی کوریا کی کھلاڑی نے زبردست واپسی کی۔ این سی ینگ نے دوسرے گیم میں 21-11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ فیصلہ کن تیسرے گیم میں بھی انہوں نے اپنی برتری برقرار رکھی اور 21-12 سے جیت درج کرکے خطاب پر قبضہ جمالیا۔
عالمی درجہ بندی میں 11ویں مقام پر موجود پی وی سندھو نے سیمی فائنل میں جاپان کی ہینا آکیچی کو 21-10، 20-22، 21-16 سے شکست دے کر پہلی بار فرنچ اوپن کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ تاہم، خطابی مقابلے میں وہ پہلے گیم کی برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہیں۔
اس جیت کے ساتھ این سی ینگ نے پی وی سندھو کے خلاف اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک 11 مقابلے ہوئے ہیں اور تمام میں جنوبی کوریا کی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل بھی این سی ینگ سندھو کو مسلسل 10 مقابلوں میں شکست دے چکی تھیں۔
پی وی سندھو کے لیے اس سال یہ سپر 750 زمرے کے ٹورنامنٹ کا دوسرا فائنل تھا۔ اس سے قبل انہوں نے جولائی میں جاپان اوپن کا خطاب جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھو نے جاپان کی تین مرتبہ کی عالمی چمپئن اکانے یاماگوچی کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ تاہم، فرنچ اوپن میں انہیں رنر اپ پر اکتفا کرنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan