
سلیکون ویلی، 24 اکتوبر (ہ س): ہندوستان کی نوجوان اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ کا سلیکون ویلی اوپن میں سفر سیمی فائنل میں ختم ہوگیا۔ جمعہ کو کھیلے گئے مقابلے میں انہیں ملائیشیا کی تیسری سیڈ کھلاڑی سیواسنگری سبرامنیم کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر کی کھلاڑی سیواسنگری کے خلاف اناہت نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا گیم 5-11 سے جیت لیا۔ تاہم، اس کے بعد ملائیشیائی کھلاڑی نے زبردست واپسی کی اور اگلے تینوں گیم 11-6، 11-4 اور 11-7 سے جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ 37 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں اناہت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سیواسنگری کے خلاف پی ایس اے ٹور میں اناہت کی یہ تیسری شکست ہے، جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک کھیلے گئے مقابلوں میں یہ ان کی چوتھی ہار ہے۔ حال ہی میں 2026 کے ایشیائی کھیلوں کے خواتین کے سنگلز فائنل میں بھی اناہت کو سیواسنگری کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، جس کے باعث انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل، عالمی درجہ بندی میں 15ویں مقام پر موجود اناہت نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے آٹھ مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ مصر کی نور الشربینی کو مسلسل تین گیموں میں شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس کے بعد انہوں نے چھٹی سیڈ مصر کی سلمیٰ ہانی کو پانچ گیموں تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی اور پہلی مرتبہ پی ایس اے گولڈ سطح کے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد