ایشیائی پیرا کھیل 2026 کا شاندار اختتام، 114 تمغوں کے ساتھ ہندوستان کی تاریخی کارکردگی
۔2030 میں اگلے ایشیائی پیرا کھیل دوحہ میں ہوں گے، نشاد کمار اور مونا اگروال نے پرچم بردار کی ذمہ داری نبھائی نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ جاپان کے آئیچی-ناگویا میں منعقدہ پانچویں ایشیائی پیرا کھیل 2026 ہفتہ کو شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیرہوگئے ۔
Sports-Asian-Para-Games-Closing-Ceremony


۔2030 میں اگلے ایشیائی پیرا کھیل دوحہ میں ہوں گے، نشاد کمار اور مونا اگروال نے پرچم بردار کی ذمہ داری نبھائی

نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ جاپان کے آئیچی-ناگویا میں منعقدہ پانچویں ایشیائی پیرا کھیل 2026 ہفتہ کو شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیرہوگئے ۔ ہندوستان نے ان کھیلوں میں اب تک کی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 114 تمغے جیتے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے سونے کے 30 تمغے، چاندی کے 35 تمغے اورکانسے کے 49 تمغے حاصل کرکے تمغوں کی فہرست میں چوتھا مقام حاصل کیا۔

دوہرے سونے کے تمغے جیتنے والے نشاد کمار اور مونا اگروال اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کے پرچم بردار رہے۔ ناگویا کے میزوہو پارک ایتھلیٹکس اسٹیڈیم میں منعقدہ اختتامی تقریب میں کھیل، ثقافت اور شمولیت کا خوب صورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔ تقریب کا مرکزی موضوع ’امیجن ون ہارٹ‘ یعنی ’ایک دل کا تصور‘ تھا۔ اس کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ کھیل جسمانی معذوریوں سے بالاتر ہوکر مختلف ممالک اور لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

تقریب میں جاپان کے روایتی فنون اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مناظر پیش کیے گئے۔ مقامی موسیقاروں اور وہیل چیئر پر رقص کرنے والے فن کاروں کی پیش کشوں نے شائقین کو محظوظ کیا۔ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والے مقابلوں کی یادیں تازہ کیں۔

چین سرفہرست، جاپان دوسرے مقام پر

تمغوں کی فہرست میں چین نے 207 سونے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 435 تمغے جیت کر پہلا مقام حاصل کیا۔ میزبان جاپان 64 سونے، 60 چاندی اور 62 کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 186 تمغوں کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ ازبکستان نے 45 سونے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 145 تمغے جیت کر تیسرا مقام حاصل کیا، جب کہ ہندوستان 114 تمغوں کے ساتھ چوتھے مقام پر رہا۔

ہندوستان کے لیے یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ اس بار ملک نے گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں چھوٹے دستے کے ساتھ شرکت کی تھی۔ آئیچی-ناگویا کھیلوں میں ہندوستان کے 168 پیرا کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جب کہ 2022 میں ہانگژو میں منعقدہ گزشتہ ایڈیشن میں 309 ہندوستانی کھلاڑی شامل ہوئے تھے۔

صدر جمہوریہ نے مبارک باد دی

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہندوستانی دستے کی تاریخی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، ثابت قدمی اور خود اعتمادی کا نتیجہ ہے۔

ان کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن میں 45 ممالک اور خطوں کے تقریباً چار ہزار کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ سات دن تک جاری رہنے والے مقابلوں میں 18 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ اس دوران 20 سے زیادہ عالمی ریکارڈ قائم ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

اختتامی تقریب میں ایشیائی پیرا لمپک کمیٹی کے صدر ماجد راشد نے کھیلوں کے اختتام کا اعلان کیا۔ تقریب میں پیرا کھیلوں کے ذریعے معاشرے میں شمولیت اور مساوی مواقع کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ آخر میں ایشیائی پیرا لمپک کمیٹی کا پرچم اگلے میزبان ملک قطر کے نمائندوں کے حوالے کیا گیا۔ اگلے ایشیائی پیرا کھیل 2030 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی کھیلوں کی مشعل بجھا کر مقابلوں کو الوداع کہا گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande