
نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ جاپان کے آئیچی-ناگویا میں منعقدہ پیرا ایشیائی کھیل 2026 میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ ہندوستانی دستے نے مقابلے کے آخری دن جمعہ کو 9 سونے کے تمغے جیت کر اپنی مہم کا اختتام کل 114 تمغوں کے ساتھ کیا۔ اس میں 30 سونا، 35 چاندی اور 49 کانسے کے تمغے شامل رہے۔ ہندوستان کا ان کھیلوں میں یہ اب تک کا سب سے بہترین مظاہرہ ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے ایتھلیٹکس، پیرا بیڈمنٹن، پیرا تیر اندازی اور پیرا نشانے بازی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ہندوستان نے 2023 میں ہانگژو میں منعقدہ گزشتہ پیرا ایشیائی کھیلوں کی اپنی تمغوں کی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پچھلے ایڈیشن میں ہندوستان نے 111 تمغے (29 سونا، 31 چاندی اور 51 کانسے) جیتے تھے۔ اس بار ہندوستان نے 168 کھلاڑیوں کا دستہ اتارا تھا، جو پچھلے ایڈیشن میں حصہ لینے والے ہندوستانی دستے کے مقابلے کافی چھوٹا تھا۔ پچھلے ایڈیشن میں ہندوستان نے 303 (191 مرد اور 112 خواتین کھلاڑی) کھلاڑیوں کا دستہ اتارا تھا۔ اس کے باوجود کھلاڑیوں نے تمغوں کی تعداد اور سونے کے تمغوں کے معاملے میں نیا معیار قائم کیا۔ مقابلے کے دوران ہندوستان میڈل ٹیلی میں چوتھے نمبر پر رہا۔
ہندوستانی ایتھلیٹس نے ایک بار پھر ملک کی میڈل مہم میں سب سے بڑا تعاون دیا۔ ایتھلیٹکس میں ہندوستان نے کل 65 تمغے جیتے تھے۔ آخری دن نیزہ بازی (جیولن تھرو) میں سمیت انتل نے سونے کا تمغہ جیت کر ہندوستانی ترنگے کا وقار بڑھایا۔ پیرالمپک اور ورلڈ چیمپئن سمیت نے مردوں کے مشترکہ زمرے کے مقابلے میں 72.46 میٹر نیزہ پھینک کر اپنا خطاب برقرار رکھا۔
اس مقابلے میں ہندوستان نے تینوں تمغے اپنے نام کیے۔ مہندر گرجر نے 59.03 میٹر کے مظاہرے کے ساتھ چاندی، جبکہ سندیپ سنجے سرگر نے 64.48 میٹر نیزہ پھینک کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ مشترکہ زمرے کے اس مقابلے میں کھلاڑیوں کے الگ الگ زمروں کے مطابق مقرر کردہ پوائنٹس کی بنیاد پر حتمی پوزیشن طے کی گئی۔
مردوں کے کلب تھرو ایف-51 مقابلے میں پرنو سورما نے 32.87 میٹر کے گیمز ریکارڈ مظاہرے کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ دھرم بیر نے 27.71 میٹر کی کارکردگی کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کی 400 میٹر ٹی-64 دوڑ میں سندیپ نے 52.28 سیکنڈ کا وقت نکال کر سونے کا تمغہ جیتنے کے ساتھ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اسی مقابلے میں اجے کمار نے 53.61 سیکنڈ کے گیمز ریکارڈ وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
مردوں کے نیزہ بازی ایف-37/38 مقابلے میں ہنی نے 60.49 میٹر کے عالمی ریکارڈ مظاہرے کے ساتھ سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ وہیں، مردوں کے نیزہ بازی ایف-41/40 مقابلے میں نودیپ نے 42.55 میٹر کی کارکردگی کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ راکیش بھائی بھٹ نے مردوں کی 200 میٹر ٹی-37 دوڑ میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ سندیپ نے مردوں کی 100 میٹر ٹی-44 دوڑ میں 11.67 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیت کر اپنی مہم کا اختتام کیا۔
پیرا بیڈمنٹن میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے تین سونے کے تمغے جیت کر ملک کی میڈل ٹیلی کو مضبوطی بخشی۔ پیرالمپک چیمپئن نتیش کمار نے مردوں کے سنگلز ایس ایل-3 کے فائنل میں ہم وطن پرمود بھگت کو 18-21، 16-21 سے ہرا کر سونے کا تمغہ جیتا۔ نتیش نے سیدھے گیمز میں جیت درج کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کی۔ مکسڈ ڈبلز ایس ایل-3-ایس یو-5 میں تھلاسی متی مروگیسن کے ساتھ کھیلتے ہوئے انہوں نے چاندی کا تمغہ بھی جیتا۔
مردوں کے سنگلز ایس ایل-4 کے فائنل میں نوین شیو کمار نے انڈونیشیا کے فریڈی سیتیاوان کو 9-21، 17-21 سے ہرا کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ویمنز ڈبلز ایس ایل-3-ایس یو-5 میں تھلاسی متی مروگیسن اور مانسی جوشی کی جوڑی نے چین کی یانگ کیوشیا اور شیاو جوشیان کو 16-21، 13-21 سے ہرا کر سونے کا تمغہ جیتا۔
تھلاسی متی نے ویمنز سنگلز ایس یو-5 میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ نتیا شری سومتی سیون نے ویمنز سنگلز ایس ایچ-6 میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس طرح ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے متعدد مقابلوں میں تمغے جیت کر اپنی مضبوط موجودگی درج کرائی۔
پیرا نشانے بازی میں مونا اگروال نے خواتین کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ایس ایچ-1 مقابلے میں 357.5 پوائنٹس حاصل کر کے سونے کا تمغہ جیتا۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے عالمی ریکارڈ اور پیرا ایشیائی کھیلوں کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والی وہ پہلی ہندوستانی پیرا نشانہ باز بھی بنیں۔
مونا نے اس سے قبل خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ-1 مقابلے میں 250.0 پوائنٹس حاصل کر کے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس دوران انہوں نے گیمز ریکارڈ قائم کیا اور ہم وطن اونی لیکھرا کو پیچھے چھوڑا۔ اونی نے 249.6 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مونا نے مقابلے میں دو سونے کے تمغے جیت کر ہندوستان کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔
پیرا تیر اندازی میں پیرالمپک چیمپئن ہروندر سنگھ اور ڈیبیو کر رہے وجے سُنڈی نے مردوں کے ریکرو ڈبلز مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں چین کے ین ڈوو اور ژاو لیشوئے کو 1-5 سے شکست دی۔
خواتین کے ریکرو ڈبلز میں بھاونا چودھری اور پوجا جاتیان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستانی جوڑی کو فائنل میں چین کی گاو جیہان اور وانگ شوئیکسیان کے خلاف 6-0 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس چاندی کے تمغے کے ساتھ ہندوستان نے اس مقابلے میں پیرا ایشیائی کھیلوں کا اپنا پہلا تمغہ بھی حاصل کیا۔
ہندوستانی پیرا تیراکوں نے مقابلے میں کل 11 تمغے جیت کر توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہمانشو ناندل نے مردوں کے 100 میٹر فری اسٹائل ایس-11 مقابلے میں 1 منٹ 5.90 سیکنڈ کا وقت نکال کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مقابلے میں تین کانسے کے تمغے اپنے نام کیے۔ اس سے قبل وہ 400 میٹر فری اسٹائل اور 100 میٹر بریسٹ اسٹروک ایس-11 مقابلوں میں بھی تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
ہمانشو بصری عصب (آپٹک نرو) کے مسئلے کی وجہ سے پیدائشی بصارت سے محروم تھے، لیکن انہوں نے اپنی کارکردگی سے ہندوستانی دستے کا سر فخر سے بلند کیا۔ روی بوڈیگینا نے بھی دو چاندی اور ایک کانسہ سمیت تین تمغے جیت کر شاندار مظاہرہ کیا۔
پیرا ٹیبل ٹینس میں جہان دوراب مدان اور شبھم وادھوا کی جوڑی نے مردوں کے ڈبلز ایم ڈی-4 زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ 50 سالہ جہان ہندوستانی دستے کے سب سے معمر تمغہ فاتح بنے۔ ان کی کامیابی نے یہ ثابت کیا کہ کھیل میں تجربہ اور پختہ عزم بھی کامیابی کی اہم بنیاد ہیں۔
ہندوستان کے کھلاڑیوں نے آخری دن نو سونے کے تمغے جیت کر اپنی مہم کو یادگار بنا دیا۔ ایتھلیٹکس میں ورلڈ ریکارڈ، پیرا بیڈمنٹن میں سنہری کامیابی، نشانے بازی میں مونا اگروال کا تاریخی مظاہرہ اور تیر اندازی میں سونے کے تمغے نے ہندوستان کی مہم کو نئی اونچائی بخشی۔ کل 114 تمغوں کے ساتھ ہندوستانی دستے نے پیرا ایشیائی کھیلوں میں اپنی بہترین کارکردگی درج کرائی اور ملک کا نام روشن کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن