
سلیکون ویلی اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچیں اناہت سنگھ
ریڈ ووڈ سٹی، 23 اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستان کی نوجوان اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں مصر کی چھٹی سیڈ یافتہ سلمیٰ ہانی کو ہرا کر پہلی بار پی ایس اے گولڈ سطح کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ عالمی رینکنگ میں 15ویں پوزیشن پر قابض 18 سالہ اناہت نے 42 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں دنیا کی 14ویں نمبر کی کھلاڑی ہانی کو 11-4، 8-11، 11-4، 2-11، 5-11 سے شکست دی۔
اناہت مقابلے میں 2-1 سے پچھڑ رہی تھیں، لیکن انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل دو گیم جیت کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ اس سے ایک دن قبل انہوں نے مصر کی عالمی نمبر تین اور آٹھ بار کی عالمی چیمپئن نور الشربینی کو سیدھے گیموں میں ہرا کر بڑا الٹ پھیر کیا تھا۔
اناہت نے مقابلے کے بعد کہا کہ انہوں نے پہلے کبھی ہانی کے خلاف نہیں کھیلا تھا اور کورٹ پر اترنے سے قبل انہیں اندازہ نہیں تھا کہ مقابلہ کیسا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہانی پی ایس اے ٹور کی تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور انہوں نے انہیں کئی بار کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ الشربینی کے خلاف جیت کے بعد ان کا اعتماد بڑھا اور انہیں محسوس ہوا کہ اچھا کھیلنے پر وہ کسی بھی کھلاڑی کو چیلنج دے سکتی ہیں۔
اناہت نے کہا کہ گزشتہ دن کی جیت کے بعد جذباتی طور پر وہ تھوڑی تھکی ہوئی تھیں، لیکن وہ ٹورنامنٹ میں حاصل ہونے والی برتری اور تال میل کو کھونا نہیں چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی اور اگلے مرحلے میں پہنچنے پر خوشی ظاہر کی۔
سیمی فائنل میں اناہت کا سامنا ملیشیا کی عالمی نمبر چار اور موجودہ ایشیائی کھیلوں کی چیمپئن شیو سانگری سبرامنیم سے ہوگا۔ شیو سانگری نے ایشیائی کھیلوں کے ویمنز سنگلز فائنل میں اناہت کو ہرایا تھا۔ اسکواش کو لاس اینجلس اولمپکس میں پہلی بار شامل کیا جانا ہے۔
اناہت نے 2023 میں ہانگژو ایشیائی کھیلوں میں خواتین کی ٹیم اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں دو کانسے کے تمغے جیتے تھے۔ اس کے بعد آئیچی-ناگویا ایشیائی کھیل-2026 میں ویمنز سنگلز کا چاندی کا تمغہ جیت کر وہ ایشیائی کھیلوں کے اسکواش سنگلز فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنیں۔ اسی سال انہوں نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں لڑکیوں کا سنگلز خطاب جیت کر یہ کامیابی حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے اس مقابلے میں مصر کے 15 سالہ غلبے کا خاتمہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن