ایشیائی پیرا کھیل: سمت کی قیادت میں نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں ہندوستان کا کلین سویپ، تینوں تمغے ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام
آئیچی-ناگویا، 23 اکتوبر (ہ س)۔ ایشیائی پیرا کھیل 2026 میں ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس نے مردوں کے نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں تمغے اپنے نام کرلیے۔ سمت انتل نے سونے کا تمغہ جیت کر اپنے خطاب کا کامیابی کے ساتھ دفا
Sports-Javelin-Throw-Sumit-Gold-Asian-Para-Games


آئیچی-ناگویا، 23 اکتوبر (ہ س)۔ ایشیائی پیرا کھیل 2026 میں ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس نے مردوں کے نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں تمغے اپنے نام کرلیے۔ سمت انتل نے سونے کا تمغہ جیت کر اپنے خطاب کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا، جبکہ مہندر گرجرنے چاندی اور سندیپ سنجے سرگر نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس طرح ہندوستان نے ایف 42-ایف 44 اور ایف 61-ایف 64 زمروں کے مشترکہ مقابلے میں پہلی تینوں پوزیشنوں پر قبضہ جما لیا۔

پیرالمپک میں سونے کا تمغہ جیتنے والے سمت انتل نے 72.46 میٹر دور نیزہ پھینک کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی دوسری کوشش میں یہ فاصلہ طے کیا اور 1,112 رزا پوائنٹس حاصل کیے۔ سمت نے پہلی کوشش میں 70.16 میٹر، تیسری میں 69.79 میٹر، چوتھی میں 69.18 میٹر اور چھٹی کوشش میں 68.44 میٹر کا فاصلہ طے کیا، جبکہ ان کی پانچویں کوشش نامنظور کر دی گئی۔ دوسری کوشش میں حاصل کیا گیا 72.46 میٹر کا فاصلہ انہیں پہلے مقام پر برقرار رکھنے کے لیے کافی ثابت ہوا۔

مہندر گرجر نے اپنی بہترین کوشش میں 59.03 میٹر دور نیزہ پھینک کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ ایف 42 زمرے میں انہوں نے کھیلوں کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا اور 1,066 رزا پوائنٹس حاصل کیے۔ ان کی بہترین کارکردگی تیسری کوشش میں سامنے آئی۔ انہوں نے پہلی کوشش میں 53.72 میٹر اور دوسری میں 54.44 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔ تیسری کوشش میں 59.03 میٹر کا فاصلہ حاصل کرنے کے بعد وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری نہیں لاسکے، تاہم ان کا ریکارڈ ساز مظاہرہ انہیں دوسرے مقام پر پہنچانے میں کامیاب رہا۔

سندیپ سنجے سرگر نے 64.48 میٹر دور نیزہ پھینک کر کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ ایف 44 زمرے میں انہوں نے بھی کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا اور 1,006 رزا پوائنٹس حاصل کیے۔ سندیپ نے پہلی کوشش میں 62.38 میٹر اور دوسری میں 62.69 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ تیسری کوشش میں انہوں نے 64.48 میٹر کی بہترین کارکردگی پیش کی۔ چوتھی کوشش میں ان کا فاصلہ 60.72 میٹر اور پانچویں میں 63.09 میٹر رہا، جبکہ چھٹی کوشش نامنظور کر دیگئی ۔

سری لنکا کے سمتھا چوتھے مقام پر

اس مقابلے میں سری لنکا کے سمتھا کوڈیتھوواکو 64.10 میٹر کی بہترین کوشش کے ساتھ چوتھے مقام پر رہے۔ انہوں نے یہ فاصلہ اپنی چوتھی کوشش میں حاصل کیا اور 1,001 رزا پوائنٹس حاصل کیے۔ تاہم، وہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے تمغوں کے سلسلے کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ہندوستانی کھلاڑیوں کی اس کارکردگی کی خاص بات یہ رہی کہسمت انتل نے اپنا سونے کا تمغہ برقرار رکھا، جبکہ مہندر گرججر اور سندیپ سنجے سرگر نے اپنے اپنے زمروں میں کھیلوں کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے چاندی اور کانسے کے تمغے جیتے۔ نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں بھارت کے لیے یہ ایک اہم کامیابی رہی۔

راکیش بھائی بھٹ اور سندیپ نے کانسے کے تمغے جیتے

ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس راکیش بھائی بھٹ اور سندیپ نے ایشیائی پیرا کھیل 2026 کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں کانسے کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ راکیش بھائی نے مردوں کی 200 میٹر ٹی 37 دوڑ کے فائنل میں تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ سندیپ نے مردوں کی 100 میٹر ٹی 44 دوڑ میں کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔

کھیلو انڈیا کے کھلاڑی راکیش بھائی بھٹ نے مردوں کی 200 میٹر ٹی 37 دوڑ میں 25.02 سیکنڈ کا وقت نکال کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے ایشیائی پیرا کھیل 2026 میں اپنا سفر دو کانسے کے تمغوں کے ساتھ مکمل کیا۔ سال 2022 کے گزشتہ ایڈیشن میں اس مقابلے میں ہندوستان کے شریانش نے 25.26 سیکنڈ کا وقت نکال کر کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب، سندیپ نے مردوں کی 100 میٹر ٹی 44 دوڑ کے فائنل میں 11.67 سیکنڈ کا وقت نکال کر کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس تمغے کے ساتھ انہوں نے مقابلے میں اپنا دوسرا تمغہ جیتا۔ اس سے قبل وہ عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اس طرح انہوں نے ایک سونے اور ایک کانسے کے تمغے کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا۔

سال 2022 کے ایشیائی پیرا کھیلوں میں مردوں کی 100 میٹر ٹی 44 دوڑ میں ہندوستان کے دو کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ اس وقت ہندوستانی کھلاڑی 12.34 سیکنڈ اور 12.48 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور ساتویں مقام پر رہے تھے۔ اس بار سندیپ نے کانسے کا تمغہ جیت کر بھارت کی کارکردگی میں بہتری درج کرائی۔

دونوں کھلاڑیوں کی ان کامیابیوں سے ایشیائی پیرا کھیل 2026 میں ہندوستانی پیرا ایتھلیٹکس ٹیم کی تمغوں کی مہم کو مزید تقویت ملی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande