
آئیچی-ناگویا، 23 اکتوبر(ہ س)۔ ہندوستان کے نتیش کمار نے ایشیائی پیرا گیمز 2026 میں مردوں کے سنگلز ایس ایل 3 بیڈمنٹن مقابلے کا سونے کا تمغہ جیت لیا۔ جمعہ کو کھیلے گئے فائنل میں انہوں نے اپنے ہم وطن اور موجودہ عالمی چمپئن پرمود بھگت کو مسلسل دو گیمز میں 21-18، 21-16 سے شکست دی۔ نتیش کے سونے کا تمغہ جیتنے کے ساتھ پرمود کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ دونوں کھلاڑی پیرالمپکس میں سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں، اس لیے یہ مقابلہ ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن کے لیے خاص اہمیت کا حامل رہا۔موجودہ پیرالمپک چمپئن اور عالمی درجہ بندی میں سرفہرست نتیش نے ابتدا ہی سے تحمل اور اعتماد کے ساتھ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، لیکن نتیش نے 21-18 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے گیم میں بھی پرمود نے انہیں سخت چیلنج دیا، تاہم نتیش نے اہم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 21-16 سے گیم اور مقابلہ اپنے نام کرلیا۔اس کامیابی کے ساتھ نتیش نے ایشیائی پیرا گیمز میں مردوں کے سنگلز ایس ایل 3 زمرے کا سونے کا تمغہ جیت لیا، جبکہ 38 سالہ پرمود بھگت کو چاندی کا تمغہ ملا۔ پرمود اس سے پہلے 2018 اور 2022 کے ایشیائی پیرا گیمز میں سونے کے تمغے جیت چکے ہیں۔ہریانہ کے چرخی دادری سے تعلق رکھنے والے نتیش کمار کی پیدائش 30 دسمبر 1994 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(آئی آئی ٹی) منڈی سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ بچپن میں انہیں فٹ بال کھیلنے کا شوق تھا، لیکن 2009 میں وشاکھاپٹنم میں پیش آنے والے ایک حادثے کے باعث ان کی ٹانگ میں مستقل چوٹ آگئی۔کئی ماہ تک بستر پر رہنے کے باوجود انہوں نے کھیل سے اپنا رشتہ نہیں توڑا۔ آئی آئی ٹی منڈی میں تعلیم کے دوران ان کی دلچسپی بیڈمنٹن میں بڑھنے لگی اور رفتہ رفتہ انہوں نے پیرا بیڈمنٹن کو اپنا ہدف بنا لیا۔نتیش نے 2016 میں فریدآباد میں منعقدہ پیرا نیشنل چمپئن شپ کے ذریعے قومی سطح پر قدم رکھا اور کانسے کا تمغہ جیتا۔ 2017 میں انہوں نے سنگلز میں چاندی اور ڈبلز میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ سال 2020 کی قومی چمپئن شپ میں انہوں نے پرمود بھگت اور منوج کو شکست دے کر سونے کا تمغہ جیتا۔ اس کے بعد بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی کارکردگی مسلسل بہتر ہوتی گئی۔پیرس پیرالمپکس 2024 میں مردوں کے سنگلز کا سونے کا تمغہ جیتنا ان کے کیریئر کی اہم ترین کامیابیوں میں شامل ہے۔ وہ 2022 کے ایشیائی پیرا گیمز میں مردوں کے ڈبلز میں طلائی، سنگلز میں چاندی اور مکسڈ ڈبلز میں کانسے کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔دوسری جانب پرمود بھگت کی زندگی بھی جدوجہد اور کامیابیوں کی مثال ہے۔ ان کی پیدائش 4 جون 1988 کو بہار کے ضلع ویشالی میں ہوئی تھی۔ چار سے پانچ سال کی عمر میں پولیو کے باعث ان کی بائیں ٹانگ متاثر ہوگئی۔ بعد میں وہ اڈیشہ کے ضلع بر گڑھ کے اٹابیرا میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رہنے لگے۔ بچپن میں آس پاس کے بچوں کو بیڈمنٹن کھیلتے دیکھ کر ان کی بھی اس کھیل میں دلچسپی پیدا ہوئی۔پرمود نے 2006 میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیرا بیڈمنٹن میں اپنی شناخت بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کیں۔ ٹوکیو پیرالمپکس 2020، جو 2021 میں منعقد ہوا تھا، میں انہوں نے مردوں کے سنگلز فائنل میں برطانیہ کے ڈینیئل بیتھل کو 21-14، 21-17 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ وہ پیرالمپک بیڈمنٹن میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے پہلے کھلاڑی بنے۔پرمود عالمی چمپئن شپ میں بھی متعدد سونے اور چاندی کے تمغے جیت چکے ہیں اور چھ مرتبہ عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan