
آئیچی-ناگویا، 23 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کی پیرا شوٹر مونا اگروال نے پیرا ایشیائی کھیل 2026 میں جمعہ کو دوسرا سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ہندوستان کی ایک اور نشانہ باز اونی لیکھرا چوتھے مقام پر رہیں۔
مونا نے خواتین کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ایس ایچ-1 مقابلے کے فائنل میں 357.5 پوائنٹس حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ چین کی ژانگ کوئپنگ نے 353.7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا اور چاندی کا تمغہ جیتا، جب کہ جنوبی کوریا کی کم میونگ نے 344.4 پوائنٹس کے ساتھ کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔
مونا نے سونے کا تمغہ جیتنے کے لیے چین کی ژانگ کوئپنگ پر 3.8 پوائنٹس کی برتری حاصل کی۔ اس سے قبل وہ کھیلوں کے پہلے ہی دن خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ-1 مقابلے میں بھی سونے کا تمغہ جیت چکی ہیں۔ اس مقابلے میں انہوں نے 250 پوائنٹس حاصل کرکے ایشیائی پیرا کھیلوں کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور 2023 میں ہانگژو میں اونی لیکھرا کے قائم کردہ 249.6 پوائنٹس کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
اس مقابلے کے فائنل میں حصہ لینے والی دوسری ہندوستانی نشانہ باز اونی لیکھرا چوتھے مقام پر رہیں۔ وہ پرون پوزیشن کے بعد سرفہرست دو کھلاڑیوں میں شامل تھیں، لیکن اسٹینڈنگ سیریز میں پیچھے رہ جانے کے باعث تمغہ جیتنے سے محروم رہ گئیں۔
مونا کی اس شاندار کامیابی سے پیرا ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی تمغے جیتنے کی مہم کو مزید تقویت ملی ہے۔ کھیلوں کے ابتدائی دن 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ-1 مقابلے میں مونا اور اونی نے بالترتیب پہلا اور دوسرا مقام حاصل کرکے ہندوستان کو دوہری کامیابی دلائی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی