
آئیچی-ناگویا، 23 اکتوبر(ہ س)۔
پیرا ایشیائی کھیل 2026 میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی جاری ہے۔ پیرا بیڈمنٹن میں نوین شیواکمار نے مردوں کے سنگلز ایس ایل 4 مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ سمتی سیون نتیا شری نے خواتین کے سنگلز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس میں پرمود نے مردوں کی 1500 میٹر ٹی 46 دوڑ اور نمیشا چکّنگل پرمبل نے خواتین کی لانگ جمپ میں چاندی کے تمغے اپنے نام کیے۔ان کامیابیوں کے ساتھ ہندوستان نے پیرا ایشیائی کھیلوں میں 100 تمغے مکمل کرلیے ہیں۔ خبر لکھے جانے تک تمغوں کی فہرست میں ہندوستان 25 سونے، 32 چاندی اور 43 کانسے سمیت مجموعی طور پر 100 تمغوں کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گیا تھا۔
نوین شیواکمار نے مردوں کے سنگلز ایس ایل 4 مقابلے کے فائنل میں انڈونیشیا کے فریڈی سیتیاوان کو مسلسل دو گیمز میں 21-9، 21-17 سے شکست دی۔ 36 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں نوین نے پہلے گیم میں اپنی برتری قائم کی اور دوسرے گیم میں حریف کی جانب سے ملنے والے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن فائنل میں ہندوستان کی سمتی سیون نتیا شری کو چین کی لی فینگمی کے ہاتھوں 12-21، 13-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 26 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں لی فینگمی نے طلائی تمغہ جیتا، جبکہ نتیا شری کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
ایتھلیٹکس کے مردوں کے 1500 میٹر ٹی 46 مقابلے میں ہندوستان کے پرمود نے 4 منٹ 9.65 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔سری لنکا کے پی وھم پوراگے نے 4 منٹ 3.25 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سونے کاتمغہ جیتا اور کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ فلپائن کے کنگ جیمس رئیس نے 4 منٹ 13.81 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ ان کی ذاتی بہترین کارکردگی بھی رہی۔
خواتین کے لانگ جمپ ٹی 46/ٹی 47 مقابلے میں ہندوستان کی نمیشا چکّنگل پرمبل نے 5.37 میٹر کی چھلانگ لگا کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ انہوں نے اپنی تیسری کوشش میں تمغہ جیتنے والی بہترین چھلانگ لگائی۔سری لنکا کی دھننجنا وکرما سنگھے نے 5.52 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا اور کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ چین کی جن چن نے 5.17 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan