
آئیچی-ناگویا، 22 اکتوبر (ہ س) — ہندوستانی تیر انداز سواتی چودھری نے ایشیائی پیرا گیمز میں خواتین کے ڈبلیو1 انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ جمعرات کو کھیلے گئے فائنل میں انہیں چین کی مینگکان سین کے ہاتھوں 6-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی، اس مقابلے میں ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد 63 ہو گئی ہے۔
سواتی نے فائنل میں شاندار آغاز کیا اور تین سیٹوں کے بعد 2-4 کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم، چینی تیر انداز نے زبردست واپسی کرتے ہوئے میچ 4-6 سے جیت لیا، جس کی وجہ سے سواتی کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ان کے پاس اس مقابلے میں ہندوستان کے لیے تیر اندازی کا پہلاسونے کا تمغہ جیتنے کا موقع تھا۔
ہندوستان کے موجودہ 63 تمغوں میں 14 سونے، 22 چاندی اور 27 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ مقابلے کے تیسرے دن، ہندوستان تمغوں کی درجہ بندی میں چھٹے نمبر سے ترقی کر کے پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔
اتر پردیش کے میرٹھ سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ سواتی چودھری، پیرا تیر اندازی کے خواتین ( ڈبلیو ) 1 زمرے میں حصہ لیتی ہیں۔ یہ زمرہ ان کھلاڑیوں کے لیے مختص ہے جو شدید جسمانی معذوری کا شکار ہوں اور جن کے ہاتھ اور پاؤں دونوں متاثر ہوں۔ وہ میرٹھ کی گرکل آرچری اکیڈمی میں کوچ ستیہ دیو پرساد کی رہنمائی میں تربیت حاصل کرتی ہیں۔
محدود مالی معاونت کے باوجود، سواتی نے بین الاقوامی سطح پر مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا نام بنایا ہے۔ بینکاک میں منعقدہ 2026 ورلڈ آرچری پیرا سیریز میں، انہوں نے تین چاندی کے تمغے جیتے—جو خواتین کے ڈبلیو1 انفرادی، خواتین کی ٹیم، اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں حاصل کیے گئے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے 2025 کی نیشنل پیرا آرچری چیمپئن شپ اور 'کھیلو انڈیا پیرا گیمز' دونوں میں خواتین کے ڈبلیو1 زمرے میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد