
آئیچی-ناگویا، 22 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کی شیتل دیوی اور تومن کمار نے ایشیائی پیرا کھیلوں میں تیر اندازی کے مکسڈ ٹیم کمپاونڈ مقابلے کا سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ جمعرات کے روز کھیلے گئے فائنل میں ہندوستانی جوڑی نے انڈونیشیا کی تیوڈورا آڈی آڈیا فیریلی اور کین سواگومیلاانگ کو 148-151 سے شکست دی۔
ٹاپ سیڈ ہندوستانی جوڑی نے اس سے قبل کوالیفکیشن راونڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1402 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور پچھلے ریکارڈ کو دو پوائنٹس سے پیچھے چھوڑ دیا۔ فائنل میں بھی ہندوستانی تیر اندازوں نے آغاز سے ہی برتری برقرار رکھی اور مقابلہ اپنے نام کیا۔
ہندوستانی جوڑی نے پہلے راونڈ میں 37-38 کی برتری حاصل کی۔ دوسرے راونڈ میں مسلسل درست نشانے لگاتے ہوئے اسکور 73-77 کر دیا اور چار پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی۔ تیسرے راونڈ میں انڈونیشیائی جوڑی نے ایک پوائنٹ کی برتری ضرور حاصل کی، لیکن ہندوستان کی مجموعی سبقت تین پوائنٹس پر برقرار رہی۔ آخری راوونڈ میں دونوں ٹیموں نے 38-38 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس طرح ہندوستان نے تین پوائنٹس کے فرق سے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
شیتل دیوی کی کارکردگی ایک بار پھر باعثِ تحریک رہی۔ پیدائشی طور پر دونوں ہاتھ نہ ہونے کے باوجود وہ اپنے پیروں اور ٹانگوں کی مدد سے کمپاونڈ کمان کو سنبھالتی ہیں، جبکہ کندھے اور جبڑے کے سہارے تانت کھینچ کر نشانہ لگاتی ہیں۔ ان کی غیر معمولی تکنیک اور تومن کمار کے ساتھ بہترین تال میل نے ہندوستان کو اس مقابلے میں سرفہرست مقام دلایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن