
- لمبی کود میں شیلیش نے ہم وطن مہیندر گرجر کو پیچھے چھوڑا، 1500 میٹر دوڑ میں شردھ نے سیزن کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا
آئیچی-ناگویا، 21 اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستان کے شیلیش کمار اور شردھ مکن ہلی نے ایشیائی پیرا کھیل-2026 میں پیرا ایتھلیٹکس میں کانسے کے تمغے جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ شیلیش نے مردوں کے لمبی کود ٹی-63/ٹی-61/ٹی-42 مقابلے میں، جبکہ شردھ نے مردوں کی 1500 میٹر ٹی-12 دوڑ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
شیلیش کمار نے لمبی کود میں 5.57 میٹر کی بہترین چھلانگ لگا کر کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ انہوں نے اپنے ہم وطن مہیندر گرجر کو محض ایک سینٹی میٹر کے فرق سے پیچھے چھوڑا۔ مہیندر نے 5.56 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ شیلیش نے اپنی پانچویں کوشش میں 5.57 میٹر کی چھلانگ لگائی۔ اس سے قبل ان کی ابتدائی کوشش 5.40 میٹر کی رہی تھی اور چوتھی کوشش میں انہوں نے فاول کیا تھا۔
جاپان کے ہاجیمے کونڈو نے 6.51 میٹر کی کھیلوں کی ریکارڈ چھلانگ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ تھائی لینڈ کے پھلا تھپ کھامتھا نے 6.41 میٹر کے مظاہرے کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس مشترکہ مقابلے میں نچلے اعضا کی معذوری والے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، جن میں مصنوعی اعضا کا استعمال کرنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
شردھ نے 1500 میٹر میں سیزن کا بہترین وقت نکالا
ہندوستان کے شردھ مکن ہلی نے مردوں کی 1500 میٹر ٹی-12 مقابلے میں چار منٹ 11.01 سیکنڈ کا وقت نکال کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ یہ ان کی اس سیزن کی بہترین کارکردگی رہی۔ شردھ نے ہانگژو-2023 ایشیائی پیرا کھیلوں میں اس مقابلے کا چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
ازبکستان کے فخر الدین خمرایو نے چار منٹ 7.48 سیکنڈ کے کھیلوں کے ریکارڈ وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ اردن کے نبیل مکابلہ نے چار منٹ 7.97 سیکنڈ کا وقت لے کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ان کا وقت بھی سیزن کی بہترین کارکردگی رہا۔
ٹی-12 زمرے میں بصارت سے جزوی محروم کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ مقابلے کے قواعد اور کھلاڑی کی ترجیح کے مطابق اس زمرے کے ایتھلیٹ گائیڈ رنر کے ساتھ یا اس کے بغیر بھی دوڑ سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن