
کاٹھمانڈو، 21 اکتوبر (ہ س)۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج آئی سی سی انڈر-19 ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 21 جنوری سے 6 فروری تک نیپال اور بنگلہ دیش میں منعقد کیا جائے گا۔ مقابلے میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل 41 میچ کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن میں چار چار ٹیموں کے چار گروپ بنائے گئے ہیں۔ میچ کاٹھمانڈو کے ٹی یو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اور مول پانی انٹرنیشنل کرکٹ گراونڈ کے علاوہ بنگلہ دیش کے چٹوگرام میں واقع ویر شریشٹھ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن کرکٹ اسٹیڈیم اور سلہٹ میں واقع سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ اس طرح ہیں:
گروپ اے: ہندوستان، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال
گروپ بی: جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سمووا
گروپ سی: آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نائیجیریا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)
گروپ دی: انگلینڈ، سری لنکا، امریکہ اور اسکاٹ لینڈ
ٹورنامنٹ کا آغاز 21 جنوری کو چار مقابلوں کے ساتھ ہوگا۔
پہلے دن صبح بنگلہ دیش کا سامنا یو اے ای سے ہوگا، جبکہ دوپہر میں گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ آسٹریلیا ایس آئی سی ایس گراونڈ-1 پر نائیجیریا سے ٹکرائے گی۔
کاٹھمانڈو میں سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان بالائی مول پانی انٹرنیشنل کرکٹ گراونڈ پر مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم امریکہ سے مقابلہ کرے گی۔
دو بار کی موجودہ چیمپئن ہندوستان 22 جنوری کو کاٹھمانڈو کے ٹی یو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے سے اپنے خطاب کے دفاع کی مہم کا آغاز کرے گی۔
میزبان نیپال بھی اسی دن آئرلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔ نیوزی لینڈ کا سامنا سمووا سے ہوگا، جبکہ جنوبی افریقہ چٹوگرام میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔
گروپ مرحلے کے مقابلے 26 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں داخل ہوں گی۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپوں کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
سیمی فائنل مقابلے 4 فروری کو چٹوگرام کے ویر شریشٹھ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ 5 فروری کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 6 فروری کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1.30 بجے کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے 7 فروری کو ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن