
ایشیائی پیرا کھیل : نشانت کمار نے کھیلوں کے ریکارڈ کے ساتھ سونے کا دوسرا تمغہ جیتا
آئیچی-ناگویا، 20 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کے اسٹار پیرا ایتھلیٹ نشانت کمار نے پانچویں ایشیائی پیرا کھیل-2026 میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے مردوں کے اونچی کود (ہائی جمپ) ٹی-47 مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ انہوں نے 2.04 میٹر کی چھلانگ لگا کر کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ان کھیلوں میں نشانت کا یہ دوسرا طلائی تمغہ ہے۔ اس سے ایک روز قبل انہوں نے مردوں کے لمبی کود مقابلے (ٹی-47) میں بھی 7.11 میٹر کی دوری کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
نشانت نے مقابلے میں 1.88 میٹر اور 1.98 میٹر کی اونچائی آسانی سے پار کی۔ اس کے بعد ازبکستان کے محمد عبد اللہ تورسونجونوف 1.96 میٹر کی اونچائی پار کرنے میں ناکام رہے۔ تورسونجونوف نے 1.94 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ اپنی ذاتی بہترین کارکردگی پیش کی۔ اس کے بعد نشانت نے 2.04 میٹر کی اونچائی پار کر کے طلائی تمغے پر قبضہ جمایا اور کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
نشانت کی اس کامیابی نے ایشیائی پیرا کھیلوں میں ہندوستان کی تمغوں کی مہم کو مزید تقویت بخشی ہے۔ اونچی کود ان کا خصوصی مقابلہ ہے اور انہوں نے اپنی اس کارکردگی سے ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی پیرا ایتھلیٹکس کی طاقت کا لوہا منوایا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن