
جموں, 20 اکتوبر (ہ س)۔ رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے کے مقابلے میں جموں و کشمیر کی ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ شیرِ کشمیر اسٹیڈیم سری نگر میں ودربھ کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث چار روزہ مقابلہ تیسرے ہی دن ختم ہوگیا۔
مقابلے کے تیسرے دن جموں و کشمیر کی ٹیم دوسری اننگز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد ودربھ کو جیت کے لیے 79 رنز کا ہدف ملا۔ مہمان ٹیم نے 22.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔
جموں و کشمیر کی جانب سے عبدالصمد نے 30 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ کامران اقبال نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر نذیر نے 16 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
ودربھ کے نچیکیت بھوتے نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 48 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ہرش دوبے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں جموں و کشمیر کے گیند بازوں نے ودربھ کو آسانی سے کامیابی حاصل نہیں کرنے دی۔ سنیل کمار نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمر نذیر نے 2 وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ تاہم ودربھ نے بالآخر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ ٹیم کی جانب سے مندر مہلے نے 25 رنز بنائے، جبکہ ہرش دوبے 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل جموں و کشمیر نے پہلی اننگز میں 260 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں ودربھ نے 305 رنز اسکور کرکے 45 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
ودربھ کی ٹیم مسلسل دو فتوحات کے ساتھ ایلیٹ گروپ اے میں 12 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے، جبکہ جموں و کشمیر کو ایک میچ میں ڈرا اور ایک میں شکست کے بعد صرف ایک پوائنٹ ملا ہے۔
جموں و کشمیر کا اگلا مقابلہ 26 اکتوبر کو وڈودرا کے ریلائنس اسٹیڈیم میں بڑودہ کے خلاف ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر