
ناگویا، 2 اکتوبر (ہ س)۔
بھارتی پہلوان سجیت کلکل نے جمعہ کو ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے 65 کلوگرام فری اسٹائل کشتی مقابلے کا طلائی تمغہ جیت لیا۔ فائنل میں سجیت نے تاجکستان کے عبدالمجید کودیئیف کو 10-9 سے شکست دی۔ مقابلے میں ایک وقت سوجیت 2-9 سے پیچھے چل رہے تھے، لیکن انہوں نے مسلسل 8 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے شاندار واپسی کی۔
سجیت نے طلائی تمغے تک پہنچنے کے سفر میں کئی مضبوط حریفوں کو شکست دی۔ انہوں نے اپنی مہم کا آغاز افغانستان کے سید عمر جازئی کے خلاف 13-3 سے تکنیکی برتری کی جیت کے ساتھ کیا۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے ایران کے عباس ابراہیم زادے سوادکوہی کو ایک بھی پوائنٹ دیے بغیر تکنیکی برتری کی بنیاد پر شکست دی۔
سیمی فائنل میں سُجیت کا سامنا جاپان کے اولمپک چیمپئن کوٹارو کیوکا سے ہوا۔ سخت مقابلے میں سجیت نے 3-3 کی برابری کے بعد مقررہ معیار کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنائی۔
23 سالہ سجیت کے لیے یہ پہلا ایشین گیمز طلائی تمغہ ہے۔ وہ ایشین گیمز میں مردوں کے 65 کلوگرام فری اسٹائل کشتی میں طلائی تمغہ جیتنے والے بھارت کے تیسرے پہلوان بن گئے ہیں۔ ان سے قبل یوگیشور دت نے 2014 میں اور بجرنگ پونیا نے 2018 میں اس زمرے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ یہ 2026 کے ایشین گیمز میں کشتی کے مقابلوں میں بھارت کا پہلا طلائی تمغہ بھی ہے۔
ہریانہ کے ام لوٹا گاو¿ں کے رہنے والے سجیت کی پیدائش 5 نومبر 2002 کو ہوئی تھی۔ ان کے والد دیانند کلکل قومی سطح کے پہلوان رہ چکے ہیں۔ سجیت نے گاو¿ں کے اکھاڑے سے کشتی کا آغاز کیا اور 2021 میں سونی پت جاکر تجربہ کار پہلوانوں کے ساتھ تربیت حاصل کی۔
سجیت نے 2022 میں انڈر-23 اور انڈر-20 ایشین چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیتے۔ اس کے بعد انہوں نے تیونس میں منعقدہ یو ڈبلیو ڈبلیو رینکنگ سیریز میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا۔ 2025 میں انہوں نے انڈر-23 عالمی چیمپئن شپ اور انڈر-23 ایشین چیمپئن شپ میں طلائی تمغے جیتے۔ 2026 میں سینئر ایشین چیمپئن شپ کے 65 کلوگرام زمرے کا خطاب جیت کر انہوں نے اپنی مضبوط دعویداری پیش کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ