
نئی دہلی، 2 اکتوبر(ہ س)۔ ہندوستانی ٹریپ شوٹر نیرو دھانڈا کو ایشین گیمز کی اختتامی تقریب میں ہندوستان کا پرچم بردار منتخب کیا گیا ہے۔ اختتامی تقریب 4 اکتوبر کو میزوہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
نیرو نے ان ایشین گیمز میں دو طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیت کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس براعظمی مقابلے میں ہندوستان کی سرکردہ تمغا یافتگان میں شامل رہی ہیں۔ نیرو نے خواتین کے ٹریپ انفرادی مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی اور ایشین گیمز میں ٹریپ شوٹنگ انفرادی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں۔ اس کے بعد انہوں نے آشیما اہلاوت اور منیشا کیر کے ساتھ خواتین کے ٹیم ٹریپ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ نیرو نے پھر کاینان چینائی کے ساتھ مل کر مکسڈ ٹیم ٹریپ ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر کالیکیش نارائن سنگھ دیو نے نیرو کے پرچم بردار کے طور پر منتخب ہونے پر ایک سرکاری بیان میں کہا، ایشین گیمز کی اختتامی تقریب میں نیرو کا ترنگا پکڑنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے ان کھیلوں میں بڑے فخر کے ساتھ ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور یہ ان کی تاریخی کارکردگی کا مناسب اعتراف ہے۔ خواتین کے ٹریپ میں ہندوستان کے لیے پہلا انفرادی طلائی تمغہ جیتنے سے لے کر مزید دو تمغے جیتنے تک، نیرو نے ملک کو جشن منانے کے کئی مواقع فراہم کیے ہیں۔ اب انہیں قومی پرچم کے ساتھ ہندوستانی دستے کی قیادت کرتے دیکھنا شوٹنگ اور پورے ہندوستان کے لیے ایک بہت ہی خاص لمحہ ہوگا۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا کے سکریٹری جنرل پون کمار سنگھ نے کہا، ایشین گیمز کی اختتامی تقریب میں قومی پرچم پکڑنا ایک کھلاڑی کو ملنے والے اعلی ترین اعزازوں میں سے ایک ہے۔ نیرو نے یہ اعزاز اپنی کارکردگی، ہمت اور جاپان میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے طریقے سے حاصل کیا ہے۔ ان کھیلوں میں ان کا سفر غیر معمولی رہا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ انہیں ترنگا تھامے اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت کرنے کا موقع ملے گا۔
پرچم بردار کے طور پر نیرو کا انتخاب ان کی شاندار ایشین گیمز مہم کا ایک اور کارنامہ ہے۔ ان کے انفرادی طلائی تمغے نے ایشیائی کھیلوں میں ٹریپ شوٹنگ کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کا طویل انتظار ختم کر دیا۔ اس کے بعد ٹیم اور مکسڈ ٹیم ایونٹس میں دو مزید تمغے جیتے گئے، جس سے ان کی ایشین گیمز کے تمغوں کی تعداد تین ہو گئی۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی