
سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ رمیش پوار بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل
نئی دہلی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے مردوں کی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کرتے ہوئے سابق بھارتی اسپنر پرگیان اوجھا کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ رمیش پوار کو بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
پرگیان اوجھا جنوبی زون کے نمائندے کی حیثیت سے سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے۔ کمیٹی کے ارکان میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی بنیاد پر انہیں چیئرمین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
رمیش پوار نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر میں بھارت کی جانب سے دو ٹیسٹ اور 31 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کوچ کی حیثیت سے کئی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے کے علاوہ ممبئی اور گجرات کی ٹیموں کے بھی ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس میں بولنگ کوچ کی ذمہ داری بھی انجام دی ہے۔
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے رمیش پوار کے دور میں ٹیم نے ایشیا کپ کا خطاب جیتا تھا اور دولتِ مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اگرکر کے دور میں بھارت نے کئی بڑے خطاب جیتے
اجیت اگرکر نے جولائی 2023 میں چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کے دور میں بھارتی ٹیم نے کئی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ بھارت نے 2023 اور 2025 میں ایشیا کپ کے خطاب جیتے۔ ٹیم 2023 کے ایک روزہ عالمی کپ کے فائنل تک پہنچی، جبکہ 2024 اور 2026 میں ٹی 20 عالمی کپ کے خطاب اپنے نام کیے۔ اس کے علاوہ بھارتی ٹیم نے 2025 میں چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی۔
اگرکر کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ سال شبھمن گل کو ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیموں کا کپتان مقرر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
اسی سال سلیکشن کمیٹی نے شریئس ایئر کو بھارتی ٹی 20 بین الاقوامی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔ انہوں نے سوریہ کمار یادو کی جگہ لی تھی، جن کی کپتانی میں بھارت نے مارچ میں ٹی 20 عالمی کپ کا خطاب جیتا تھا۔
مردوں کی سلیکشن کمیٹی میں یہ ارکان ہوں گے
بی سی سی آئی کی مردوں کی سلیکشن کمیٹی میں اب پانچ ارکان ہوں گے۔ پرگیان اوجھا کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ شیو سندر داس، آر پی سنگھ، اجے راترا اور رمیش پوار کمیٹی کے دیگر ارکان ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی