
۔آئی ٹی اور بینکنگ شعبوں میں خریداری سے سرمایہ کاروں کی دولت میں 82,560 کروڑ روپے کا اضافہ
نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س)۔ قدر کے اعتبار سے سستے حصص کی خریداری اور آئی ٹی شعبے کے شیئروں میں زبردست سرمایہ کاری کے باعث گھریلو شیئر بازار ابتدائی گراوٹ سے سنبھل کر ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کو شاندار تیزی کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کا آغاز اضافے کے ساتھ سبز نشان میں ہوا، لیکن بازار کھلنے کے کچھ ہی دیر بعد فروخت کا دباو¿ بڑھ گیا۔ اس کے نتیجے میں سینسیکس اور نفٹی دونوں اشاریے گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں پہنچ گئے۔ تاہم، پہلے 20 منٹ کے کاروبار کے بعد خریداروں نے بھرپور خریداری شروع کر دی، جس سے دونوں اشاریے نچلی سطح سے نمایاں طور پر سنبھلنے میں کامیاب رہے۔
خریداری کے سہارے سینسیکس دن کی کم ترین سطح سے 765 پوائنٹس سے زیادہ اوپر چڑھ گیا۔ اسی طرح نفٹی نے بھی نچلی سطح سے 235 پوائنٹس سے زیادہ کی چھلانگ لگاکر تقریباً تین ہفتوں بعد ایک بار پھر 23,100 پوائنٹس کی اہم نفسیاتی سطح سے اوپر بند ہونے میں کامیاب رہا۔ دن بھر اتار چڑھاو¿ کے بعد سینسیکس 0.56 فیصد اور نفٹی 0.65 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ بازار میں اس تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی مجموعی دولت میں تقریباً 82,560 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 25.47 پوائنٹس یعنی 0.03 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 74,341.08 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی منافع وصولی کا رجحان بڑھنے لگا اور فروخت کے دباو¿ کے باعث سینسیکس اپنی ابتدائی برتری کھو کر جلد ہی سرخ نشان میں آ گیا۔
اس دوران سینسیکس 302.62 پوائنٹس یعنی 0.41 فیصد گر کر 74,012.99 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم، یہ گراوٹ زیادہ دیر برقرار نہیں رہی۔کاروبار کے پہلے نصف گھنٹے میں ہی خریداروں نے نچلی سطح پر بھرپور خریداری کی، جس سے سینسیکس نے نہ صرف اپنی پوری گراوٹ کی تلافی کی بلکہ دن کی کم ترین سطح سے 765.79 پوائنٹس کی نمایاں چھلانگ بھی لگائی۔ خریداری کے سہارے یہ اشاریہ 463.17 پوائنٹس یعنی 0.62 فیصد کے اضافے کے ساتھ 74,778.78 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ آخر میں انٹرا ڈے سیٹلمنٹکے تصفیے کے دوران معمولی فروخت کے باعث سینسیکس اپنی بلند ترین سطح سے کچھ نیچے آیا، تاہم 413.66 پوائنٹس یعنی 0.56 فیصد کے اضافے کے ساتھ 74,729.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح ہی نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے نفٹی نے بھی آج 67.75 پوائنٹس یعنی 0.29 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,065.10 پوائنٹس پر کاروبار شروع کیا۔ تاہم، بازار کھلتے ہی فروخت کرنے والے حاوی ہو گئے اور نفٹی بھی اپنی ابتدائی برتری کھو کر سرخ نشان میں آ گیا۔
مسلسل فروخت کے باعث نفٹی ابتدائی سطح سے 151.30 پوائنٹس نیچے پھسل کر 22,913.80 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، جو ابتدائی سطح کے مقابلے 83.55 پوائنٹس کی گراوٹ تھی۔ اس کے بعد آئی ٹی اور بڑی بینکنگ کمپنیوں کے حصص سے بازار کو مضبوط سہارا ملا، جس کے نتیجے میں نفٹی نے تیزی سے واپسی کی۔
مسلسل خریداری کے باعث کاروبار کے پہلے گھنٹے کے کچھ دیر بعد ہی نفٹی دن کی کم ترین سطح سے 236.05 پوائنٹس اچھل کر 23,149.85 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ یہ 152.50 پوائنٹس یعنی 0.66 فیصد کا اضافہ تھا۔ دن بھر کی خرید و فروخت کے بعد نفٹی اپنی بلند ترین سطح سے معمولی نیچے آ کر 148.80 پوائنٹس یعنی 0.65 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,146.15 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر آئی ٹی شعبے کے حصص میں مسلسل خریداری ہوتی رہی، جس کے باعث نفٹی آئی ٹی انڈیکس میں 3.92 فیصد کا نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔ دھاتوں کے شعبے کے حصص کی بھی بھرپور مانگ رہی اور نفٹی میٹل انڈیکس تقریباً ایک فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
بینکنگ شعبے نے بھی ابتدائی گراوٹ سے سنبھل کر اچھی واپسی کی۔ نفٹی پی ایس یو بینک انڈیکس 0.67 فیصد سے زیادہ کے اضافے کے ساتھ سبز نشان میں بند ہوا۔دوسری جانب، ایف ایم سی جی اور دوا سازی کے شعبوں کے حصص میں مسلسل منافع وصولی دیکھی گئی، جس کے باعث نفٹی ایف ایم سی جی انڈیکس 0.39 فیصد اور فارما انڈیکس 0.14 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔
بروڈر مارکیٹ میں بھی ابتدائی بہتری برقرار نہ رہ سکی اور کاروبار کے اختتام پر منافع وصولی کے دباو¿ کے باعث نفٹی مڈکیپ انڈیکس 0.11 فیصد گر گیا۔ اسی طرح اسمال کیپ انڈیکس بھی 0.01 فیصد کی معمولی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
شیئر بازار میں آج کی تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً 82,560 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروبار کے اختتام پر بڑھ کر 4,72,66,122.04 کروڑ روپے ہو گئی، جب کہ گزشتہ کاروباری دن، یعنی جمعرات کو یہ 4,71,83,561.46 کروڑ روپے تھی۔ اس طرح ایک دن میں سرمایہ کاروں کی مجموعی دولت میں 82,560.57 کروڑ روپے کا اضافہ درج کیا گیا۔
جمعہ کو بی ایس ای میں مجموعی طور پر 4,616 حصص میں ایکٹو ٹریڈنگ ہوئی ۔ ان میں سے 2,404 حصص اضافے کے ساتھ بند ہوئے، جب کہ 1,962 حصص میں گراوٹ درج کی گئی۔ 250 حصص کی قیمتوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی۔
این ایس ای میں 3,239 حصص میں سرگرم کاروبار دیکھا گیا۔ ان میں سے 1,894 حصص اضافے اور 1,345 حصص گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے 18 کے حصص میں اضافہ اور 12 میں گراوٹ درج کی گئی۔ نفٹی کے 50 حصص میں سے 24 سبز نشان اور 26 سرخ نشان میں بند ہوئے۔
دن بھر کے کاروبار کے دوران 126 حصص اپنی گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح (52 ہفتوں کی بلند ترین سطح) پر پہنچ گئے، جب کہ 127 حصص ایک سال کی کم ترین سطح پر آ گئے۔ زبردست خریداری کے باعث 8 حصص پر اپر سرکٹ لگا، جب کہ شدید فروخت کے نتیجے میں 40 حصص لوئر سرکٹ پر بند ہوئے۔
کاروبار کے اختتام پر بڑی کمپنیوں میں ٹیک مہندرا کے حصص میں 8.48 فیصد، ٹی سی ایس میں 4.89 فیصد، انفوسس میں 4.61 فیصد، بھارتی ایئرٹیل میں 2.75 فیصد اور مہندرا اینڈ مہندرا میں 2.07 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ یہ پانچوں حصص آج کے سرفہرست اضافے والے حصص میں شامل رہے۔
دوسری جانب، تہواروں کے موسم میں ہوائی کرایوں کے ضابطے سے متعلق خبروں کے درمیان انٹرگلوب ایوی ایشن (انڈیگو) کے حصص میں 1.91 فیصد، بی ایس ای لمیٹڈ میں 1.90 فیصد، میکس ہیلتھ کیئر میں 1.40 فیصد، ٹاٹا کنزیومر پروڈکٹس میں 1.27 فیصد اور جیوفائنانشیل سروسز میں 1.26 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ یہ حصص آج کے سرفہرست گراوٹ والے حصص میں شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد