
نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س)۔ ایشیائی پیرا کھیلوں میں شرکت کے لیے 168 رکنی ہندوستانی دستے(112 مرد اور 56 خواتین کھلاڑی) کو حکومت ہند کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا گیا ہے، تاکہ وہ ٹیم آئیچی-ناگویا سے شاندار کامیابیوں کے ساتھ وطن واپس آئے۔ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت، ملک میں تربیت، ضروری آلات اور بیرون ملک تربیت سمیت متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
ہندوستانی پیرا بیڈمنٹن اور پیرا ٹیبل ٹینس کے کھلاڑیوں کے ساتھ نابینا فٹ بال کی مردوں کی ٹیم نے جمعہ کو ایشیائی پیرا کھیل 2026 میں اپنی مہم کا آغاز کیا۔ ہندوستانی دستے میں شامل 47 کھلاڑی ’ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم‘ (ٹاپس) کا حصہ ہیں، جب کہ 33 کھلاڑی ’کھیلو انڈیا‘ اسکیم سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ، 61 کھلاڑی پہلی مرتبہ ان کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس دستے کو بنیادی طور پر ’اینول کیلنڈر فار ٹریننگ اینڈ کمپیٹیشن‘ (اے سی ٹی سی) اور ٹاپس اسکیم کے تحت مالی و دیگر معاونت فراہم کی گئی ہے۔ اے سی ٹی سی کے تحت مجموعی طور پر 80.22 کروڑ روپے دیے گئے، جب کہ ٹاپس اسکیم کے تحت 18.34 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ 11 کھیلوں کے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے مختلف مراکز پر قومی تربیتی کیمپ منعقد کیے گئے۔ وہیں، پیرا تیر اندازی کے دستے کے لیے ستمبر اور اکتوبر کے دوران جاپان کے کورو بے آرچری سینٹر میں ایک بین الاقوامی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔
ملک کے اندر پیرا تیر اندازوں نے سونی پت میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) کے علاقائی مرکز میں تربیت حاصل کی۔ اسی دوران، پیرا تیراکوں اور پیرا پاور لفٹرز کے لیے گاندھی نگر میں سائی کے علاقائی مرکز میں تربیتی کیمپ منعقد کیے گئے۔
اس کے علاوہ، پیرا ایتھلیٹس نے ستمبر سے اکتوبر کے درمیان نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم، سائی سونی پت اور بنگلورو میں واقع سائی کے علاقائی مرکز میں منعقدہ قومی تربیتی کیمپوں میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں پیرا شوٹرز کے لیے کیمپ لگائے گئے، جب کہ نابینا فٹ بال کے کھلاڑیوں نے کوچی میں تربیت حاصل کی۔
اسی طرح، اکتوبر میں لکھنو¿ کی انڈین پیرا جوڈو اکیڈمی میں نابینا جوڈو کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ نئی دہلی کے سائی اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں واقع سائیکلنگ ویلوڈروم پیرا سائیکلنگ کے کھلاڑیوں کی تربیت کا مرکز رہا۔
ہندوستانی دستہ پیرا ایتھلیٹکس، پیرا تیر اندازی، پیرا بیڈمنٹن، پیرا ٹیبل ٹینس، بوچیا، بلائنڈ فٹ بال، پیرا سائیکلنگ، نابینا جوڈو، پیرا پاور لفٹنگ، پیرا شوٹنگ اور پیرا سوئمنگ سمیت 11 کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے۔
افتتاحی تقریب 18 اکتوبر کو منعقد ہوگی، جس میں بیڈمنٹن کھلاڑی پرمود بھگت اور پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھاونا پٹیل ہندوستانی پرچم بردار ہوں گے۔ تمغوں کے لیے مقابلے 19 سے 24 اکتوبر تک منعقد کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد