
نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س)۔ جیو پلیٹ فارمز کے آنے والے آئی پی او کو لے کر گرے مارکیٹ میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس کا گرے مارکیٹ پریمیم (جی ایم پی) تقریباً 84 فیصداچھل گیا ۔ بازار کے ماہرین کے مطابق، ابتدائی دنوں میں جو جی ایم پی 125 روپے کی سطح پر تھا، وہ 16 اکتوبر کو بڑھ کر 230 روپے تک پہنچ گیا۔
گرے مارکیٹ پریمیم میں یہ اضافہ اس آئی پی او میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اشارہ ہے۔ کمپنی کا یہ انتہائی متوقع آئی پی او 21 اکتوبر کو سبسکرپشن کے لیے کھلے گا اور اس میں سرمایہ کار 23 اکتوبر تک اس میں بولی لگا سکیں گے۔
کمپنی نے اس بڑے آئی پی او کے لیے فی حصص قیمت کی حد 1065 روپے سے 1119 روپے مقرر کی ہے۔ موجودہ گرے مارکیٹ کے اشاروں کے مطابق، کمپنی کے حصص اپنی ایشو قیمت کے مقابلے تقریباً 20.6 فیصد سے زیادہ پریمیم پر فہرست ہو سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ حصص کی الاٹمنٹ قیمت کی مقررہ حد کی بالائی سطح پر ہوگی۔
اس آئی پی او کو لے کر خوردہ سرمایہ کاروں کے ساتھ بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کار بھی خاصے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں میں جی آئی سی پی ٹی ای، ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی جیسے بڑے اداروں کی شرکت کی خبریں ہیں، جب کہ ملکی سطح پر ایس بی آئی میوچوئل فنڈ، موتی لال اوسوال اور ایچ ڈی ایف سی میوچوئل فنڈ جیسی کمپنیاں اینکر سرمایہ کاروں کے طور پر سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔
قیمت کی مقررہ حد کی بالائی سطح کے حساب سے جیو پلیٹ فارمز کی مجموعی مالیت تقریباً 10.3 لاکھ کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس کا براہ راست مطلب ہے کہ شیئر بازار میں لسٹنگ ہوتے ہی یہ کمپنی ملک کی ان منتخب بڑی کمپنیوں میں شامل ہو سکتی ہے، جن کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 10 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں فی الحال ریلائنس انڈسٹریز، بھارتی ایئرٹیل، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا جیسی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔
جیو پلیٹ فارمز کی کامیاب لسٹنگ کے بعد ریلائنس گروپ کی تمام کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 28.3 لاکھ کروڑ روپے کی اب تک کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ سکتی ہے ۔ فی الحال ریلائنس انڈسٹریز 16.55 لاکھ کروڑ روپے کی مالیت کے ساتھ ملک کی سب سے زیادہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن والی کمپنی ہے۔ جیو پلیٹ فارمز دراصل ریلائنس گروپ کی ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی شاخ ہے، جس کے تحت ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی ریلائنس جیو انفوکام کام کرتی ہے۔ اس کے صارفین کی تعداد 53 کروڑ سے زیادہ ہے۔
اس بڑے آئی پی او کے ذریعے کمپنی بازار میں 27 کروڑ نئے حصص جاری کرنے جا رہی ہے۔ قیمت کی مقررہ حد کی بالائی سطح کے مطابق اس سے کمپنی کو تقریباً 30,213 کروڑ روپے کی خطیر رقم حاصل ہوگی۔ آئی پی او کے ذریعے جمع ہونے والی رقم کا بڑا حصہ موجودہ قرضوں کی ادائیگی اور مالی حالت کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ آئی پی او ہندوستانی کارپوریٹ تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا آئی پی او بننے جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ 2024 میں آئے ہنڈائی موٹر انڈیا کے 27,800 کروڑ روپے کے آئی پی او کا ریکارڈ بھی توڑ دے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد