
نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س): ۔
ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل پانچویں ہفتے بھی کمی درج کی گئی ہے۔ 9 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 8.58 ارب ڈالر گھٹ کر 726.03 ارب ڈالر رہ گئے۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے مطابق، اس سے پہلے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 12.95 ارب ڈالر کم ہو کر 734.61 ارب ڈالر رہ گئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق، 9 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر کا اہم جزو، یعنی غیر ملکی کرنسی کے اثاثے بھی 7.14 ارب ڈالر کم ہو کر 597.61 ارب ڈالر رہ گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سونے کے ذخائر کی مالیت بھی 1.32 ارب ڈالر گھٹ کر 105.09 ارب ڈالر رہ گئی۔ اسی طرح خصوصی حقِ نکاسی (ایس ڈی آر) میں 10.9 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی اور یہ 18.55 ارب ڈالر رہ گیا۔ اس دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس ہندوستان کے ریزرو ڈپازٹ میں بھی ایک کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی اور یہ گھٹ کر 4.78 ارب ڈالر رہ گیا۔
4 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اپنی اب تک کی بلند ترین سطح، 785.71 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کے ڈپازٹس کے لیے خصوصی رعایتی تبادلہ اسکیم کے تحت بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی آنے سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا تھا۔ اس اسکیم کے ذریعے بینکوں نے تقریباً 133 ارب ڈالر کی ریکارڈ رقم جمع کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ