
- ہندوستان کی نمائندگی کریں گے سچن چماریا، بی سی-3 زمرے کے انفرادی اور جوڑی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے
نئی دہلی، 15 اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستانی بوکیا کھلاڑی سچن چماریا 18 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئیچی-ناگویا پیرا ایشین گیمز-2026 میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارتِ کھیل نے ہندوستانی دستے میں بوکیا کے دو کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ سچن بی سی-3 زمرے کے انفرادی اور جوڑی (ڈبلز) کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
سال 2008 میں ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ لگنے کے سبب سچن کے چاروں اعضا مفلوج ہو گئے تھے۔ اس واقعے نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ سال 2021 میں انہوں نے بوکیا کھیل سے وابستہ ہو کر مسابقتی کھیلوں میں واپسی کی اور ایک نیا ہدف طے کیا۔ اس کے بعد وہ مسلسل چھ بار قومی سطح پر سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ وہ دیویانگ افراد کو شامل کرنے اور کھیلوں کے ذریعے ان کے مواقع بڑھانے کی سمت میں بھی کام کر رہے ہیں۔
سچن نے کہا، ”میں پیرا ایشین گیمز میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا موقع دینے کے لیے وزارتِ کھیل اور ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے اسے ممکن بنایا۔ ہندوستانی جرسی پہننا میرے لیے ایک ایسی ذمہ داری ہے، جسے میں بہت اہمیت دیتا ہوں۔ میں دونوں مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ مجھے امید ہے کہ اس موقع سے بوکیا کھیل کو مزید شناخت ملے گی اور دیویانگ افراد بھی کھیلوں سے جڑنے کے لیے ترغیب حاصل کریں گے۔“
سچن نے 2026 میں قاہرہ میں منعقدہ ورلڈ بوکیا چیلنجر مقابلے میں سریتا دویدی کے ساتھ بی سی-3 جوڑی کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے انفرادی مقابلے میں کانسہ کا تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔
ان کے بین الاقوامی کارناموں میں 2024 میں بحرین میں منعقدہ ورلڈ بوکیا چیلنجر مقابلے کا سونا بھی شامل ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ بین الاقوامی سطح پر سونا جیتنے والے ہندوستان کے پہلے مرد بی سی-3 کھلاڑی بنے تھے۔ انہوں نے 2024 میں قاہرہ چیلنجر مقابلے کے انفرادی مقابلے میں چاندی اور جوڑی کے مقابلے میں کانسہ کا تمغہ بھی جیتا تھا۔
عالمی درجہ بندی میں 19 ویں مقام پر براجمان سچن ہندوستانی بوکیا کھلاڑیوں میں سب سے اعلیٰ درجہ بندی والے کھلاڑی ہیں۔ انہیں 2023 میں ہندوستانی پیرا اولمپک کمیٹی کے ’حوصلہ افزا کھلاڑی ایوارڈ‘ اور 2024 میں ’انڈین اچیورز ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔ کھیل اور دیویانگ شمولیت کے شعبے میں اپنی کوششوں کے ذریعے وہ معذوری کے تئیں سماج کی سوچ بدلنے اور مساوی مواقع کی ضرورت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔
جانیے کیا ہے بوکیا کا کھیل
بوکیا ایک قطعی نشانے بازی کا کھیل ہے، جس میں کھلاڑیوں کو لال یا نیلی گیندوں کو سفید ہدف گیند کے جتنا ممکن ہو سکے قریب پہنچانا ہوتا ہے۔ اس سفید گیند کو جیک کہا جاتا ہے۔
بی سی-3 زمرے میں شدید جسمانی اور نقل و حرکت سے متعلق دشواریوں والے کھلاڑی معاون آلات کا استعمال کرتے ہیں۔ اس میں گیند کو ہدف کی طرف پہنچانے کے لیے ریمپ کا استعمال کیا جاتا ہے اور ایک معاون ریمپ آپریٹر کے طور پر مدد کرتا ہے۔ تاہم، ہر گیند کی سمت، حکمتِ عملی اور مقام متعین کرنے کا فیصلہ کھلاڑی خود کرتا ہے۔ بوکیا میں رفتار یا جسمانی طاقت کے بجائے توجہ، صبر، اسٹریٹجک سوچ اور درستگی اہم ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اس کا موازنہ شطرنج سے بھی کیا جاتا ہے، کیونکہ ہر چال آگے کی حکمتِ عملی پر اثر انداز ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن