
میڈرڈ، 15 اکتوبر (ہ س)۔ ریئل میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ ونیسیئس جونیئر پر ولارئیل کے خلاف لا لیگا مقابلے میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے باعث وہ رواں ماہ بارسلونا کے خلاف ہونے والے انتہائی اہم اور سنسنی خیز ’ایل کلاسیکو‘ مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کی انضباطی کمیٹی نے بدھ کو تصدیق کی کہ ونیسیئس کو ہفتے کے روز سانتیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران ولارئیل کے کھلاڑی ناتھن سلیبا کے بال کھینچنے پر پُرتشدد طرزِ عمل کے الزام میں دو میچوں کی پابندی کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر غصے میں ردعمل ظاہر کرنے کے سبب ان پر مزید دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ونیسیئس نے جوڈ بیلنگھم کے پاس پر گول کرکے ریئل میڈرڈ کی برتری دوگنی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے جائزے کے بعد گول کو مسترد کر دیا گیا اور بال کھینچنے کے واقعے پر ونیسیئس کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔
موجودہ سیزن کا آغاز بھی ونیسیئس کے لیے توقعات کے مطابق نہیں رہا ہے۔ وہ اب تک کلب کی جانب سے صرف ایک گول کر سکے ہیں۔ ولارئیل کے خلاف مقابلے میں ہیڈ کوچ جوز مورینہو نے انہیں ریئل میڈرڈ کی ابتدائی الیون میں بھی جگہ نہیں دی تھی۔
بدھ کو چیمپئنز لیگ میں روما کے خلاف ریئل میڈرڈ کی 3-4 سے سنسنی خیز جیت کے بعد ونیسیئس نے پابندی کے اعلان کے وقت پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کبھی کسی دوسرے کھلاڑی کے خلاف پُرتشدد رویہ اختیار نہیں کیا۔
ونسیئس نے کہا، ’’ان کے پاس پابندی کا اعلان کرنے کے لیے پورا دن تھا، لیکن جیسے ہی ہم اسٹیڈیم پہنچے، مجھے بتایا گیا کہ میں لیگ کے اگلے چار میچوں میں نہیں کھیل سکوں گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں کبھی یہ سمجھایا ہی نہیں گیا کہ بال کھینچنے سے متعلق اس اصول کو کس طرح لاگو کیا جاتا ہے۔ لا لیگا اور ریفریوں کی تنظیم کی جانب سے کوئی نہ کوئی ہمیشہ قواعد سمجھانے آتا ہے، لیکن اس خاص معاملے کے بارے میں کبھی کچھ نہیں بتایا گیا۔ میرے لیے یہ ریڈ کارڈ تھا، بس اتنی سی بات ہے۔ میں نے کبھی کسی دوسرے کھلاڑی کے خلاف پُرتشدد رویہ اختیار نہیں کیا۔ مجھے اکثر فاؤل کے ذریعے نقصان پہنچایا جاتا ہے، لیکن کارڈ مجھے ہی دکھائے جاتے ہیں۔‘‘
یہ پابندی صرف ملکی مقابلوں پر لاگو ہوگی۔ اسی وجہ سے مورینہو نے بدھ کو روما کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ کی ابتدائی الیون میں ونیسیئس کو شامل کیا۔ وہ 21 اکتوبر کو آر بی لیپزگ اور 4 نومبر کو اے ای کے کے خلاف ہونے والے مقابلوں میں بھی کھیل سکیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی