
نئی دہلی، 15 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل رکشا کھڈسے نے برازیل کے عظیم فٹ بالر رونالڈو نازاریو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے رونالڈو کے شاندار کیریئر اور فٹ بال کی دنیا پر ان کے دیرپا اثرات کو اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، بھارت میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ایک مضبوط کھیلوں کا نظام تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
رکشا کھڈسے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس ملاقات کے بارے میں لکھا، ’’برازیل کے عظیم اسٹرائیکر رونالڈو نازاریو سے ملاقات ایک یادگار تجربہ رہی۔ انہیں آر نائن اور ’او فینومینو‘ (غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے اور فٹ بال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے رونالڈو کا غیر معمولی سفر آج بھی نسل در نسل لوگوں کو متاثر کررہا ہے۔ اس طرح کی ملاقاتیں ایک مضبوط کھیلوں کا نظام تیار کرنے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہیں، جو بھارت کے نوجوان ٹیلنٹ کو بڑے خواب دیکھنے اور اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے بااختیار بنا سکے۔‘‘
عالمی فٹ بال کے عظیم ترین اسٹرائیکرز میں شمار ہوتے ہیں رونالڈو
رونالڈو نازاریو کا شمار فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین اسٹرائیکرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1994 اور 2002 میں برازیل کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ کا خطاب جیتا تھا۔ 2002 کے ورلڈ کپ فائنل میں انہوں نے جرمنی کے خلاف دو گول کیے تھے۔
تیز رفتاری، شاندار ڈرِبلنگ، گول کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اور حریف ٹیم کے دفاع کو چیر کر آگے بڑھنے کے ہنر کے لیے مشہور رونالڈو نے بارسلونا، انٹر میلان اور ریئل میڈرڈ جیسے یورپ کے بڑے کلبوں کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 1997 اور 2002 میں بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتا، جب کہ تین مرتبہ انہیں فیفا کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بھارت اور برازیل کے درمیان تاریخی فٹ بال مقابلہ
اسی ماہ کے اوائل میں کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں بھارت اور برازیل کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان ایک تاریخی دوستانہ میچ کھیلا گیا تھا۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان یہ پہلا فٹ بال مقابلہ تھا۔ برازیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 0-4 سے شکست دی۔ برازیل کی جانب سے سیموئیل لِینو اور پیڈرو سمیت دیگر کھلاڑیوں نے گول کیے۔
برازیل نے پورے مقابلے کے دوران اپنی جارحانہ کھیل کی صلاحیت اور گول کرنے میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا، جب کہ بھارتی ٹیم کو جنوبی امریکہ کی اس مضبوط ٹیم کے حملوں کو روکنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی