
نئی دہلی، 14 اکتوبر(ہ س)۔
تھوک مہنگائی کی شرح میں اضافے اور خام تیل کی قیمتیں بلند ہونے کے درمیان بدھ کو ہندوستانی شیئر بازار گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ ہفتے کے تیسرے کاروباری دن بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 252 پوائنٹس، جب کہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی تقریباً 99 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔ گزشتہ کاروباری سیشن میں زبردست تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع وصولی کیے جانے سے بھی بازار پر دباؤ رہا۔
بی ایس ای کا 30 شیئرز پر مشتمل سینسیکس 251.89 پوائنٹس یعنی 0.34 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 72,781.89 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران سینسیکس 73,195.26 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا، جب کہ اس نے 72,578.75 پوائنٹس کی نچلی سطح کو بھی چھوا۔اسی طرح این ایس ای کا 50 شیئرز پر مشتمل نفٹی 99.25 پوائنٹس یعنی 0.44 فیصد ٹوٹ کر 22,622.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں بجاج فائنانس، مہندرا اینڈ مہندرا، بجاج فن سرو، ایٹرنل، آئی سی آئی سی آئی بینک اور انٹرگلوب ایوی ایشن (انڈیگو)کے شیئرز میں سب سے زیادہ گراوٹ درج کی گئی۔ دوسری جانب انفوسس، ٹیک مہندرا، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (ٹی سی ایس)، ہندوستان یونی لیور، این ٹی پی سی اور ریلائنس انڈسٹریز کے حصص میں تیزی رہی۔
اس دوران عالمی معیار کے خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 0.36 فیصد بڑھ کر 106.1 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ ایشیا کے دیگر بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکی، چین کا شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ بھی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ تاہم، یورپی بازار دوپہر کے کاروبار کے دوران مثبت رجحان کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آئے۔وزارت تجارت کی جانب سے بدھ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر میں تھوک مہنگائی کی شرح بڑھ کر 11.39 فیصد ہوگئی، جو اگست میں 9.92 فیصد تھی۔ غذائی اشیا، تیار شدہ مصنوعات اور ایندھن و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب تھوک مہنگائی میں تیزی آئی۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو شیئر بازار میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی۔ اس دوران سینسیکس 1109.10 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 73,033.78 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جب کہ نفٹی 358.60 پوائنٹس یعنی 1.60 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,721.95 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan