آئی ڈی بی آئی بینک کی نجکاری کو کابینہ کی منظوری، حکومت 60.72 فیصدشیئر فروخت کرے گی
نئی دہلی، 14 اکتوبر(ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے بدھ کو آئی ڈی بی آئی بینک میں 60.72 فیصد شیئر فئیر فیکس فائننشیل ہولڈنگز لمیٹڈ کو 52,878 کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ ایئر انڈیا کی فروخت کے بعد اسے ملک کی سب سے بڑی اسٹریٹجک نجکاری
آئی ڈی بی آئی بینک کی نجکاری کو کابینہ کی منظوری، حکومت 60.72 فیصدشیئر فروخت کرے گی


نئی دہلی، 14 اکتوبر(ہ س)۔

مرکزی کابینہ نے بدھ کو آئی ڈی بی آئی بینک میں 60.72 فیصد شیئر فئیر فیکس فائننشیل ہولڈنگز لمیٹڈ کو 52,878 کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ ایئر انڈیا کی فروخت کے بعد اسے ملک کی سب سے بڑی اسٹریٹجک نجکاری قرار دیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے آئی ڈی بی آئی بینک کی اسٹریٹجک نجکاری کی منظوری دی۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے یہاں صحافیوں کو کابینہ کے فیصلے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ پانچ سال سے زیادہ عرصے سے جاری نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

وشنو کے مطابق، اس سودے کی تکمیل سے ہندوستان کے مالیاتی شعبے میں اب تک کی سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ہوگی۔ مجوزہ فروخت میں مرکزی حکومت کے 30.48 فیصد اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کے 30.24 فیصد حصص شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس اسٹریٹجک تنظیم نو کے بعد آئی ڈی بی آئی بینک میں مرکزی حکومت کی حصہ داری 15 فیصد اور ایل آئی سی کی حصہ داری 19 فیصد رہ جائے گی۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی امور کمیٹی نے اس سودے کے لیے میسرز 10955230 کینیڈا انک، جس کی اصل کمپنی فئیر فیکس فائننشیل ہولڈنگز لمیٹڈ ہے، کو اسٹریٹجک خریدار کے طور پر منظوری دی ہے۔ کمپنی 52,878 کروڑ روپے سے زائد کی قیمت پر آئی ڈی بی آئی بینک میں 60.72 فیصد حصص حاصل کرے گی۔

سرمایہ کاری اور عوامی اثاثہ جات کے انتظام کے محکمہ کے سکریٹری ارونیش چاولہ نے بتایا کہ حصول کا یہ سودا موجودہ مالی سال 2026-27 میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئی ڈی بی آئی بینک کے ملازمین کے مفادات کا پورا خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ فئیر فیکس کو اقلیتی شیئر یافتگان کے لیے کھلی پیش کش بھی کرنی ہوگی۔ سی ایس بی بینک میں بھی شیئرز رکھنے والی فئیر فیکس کو دو سال کے اندر یا تو سی ایس بی بینک کو آئی ڈی بی آئی بینک میں ضم کرنا ہوگا یا پھر سی ایس بی بینک میں اپنی حصص داری فروخت کرکے اس سے باہر نکلنا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت اور ایل آئی سی کی مشترکہ طور پر 60.72 فیصدحصہ داری فروخت ہونے کے بعد آئی ڈی بی آئی بینک کا کنٹرول فئیر فیکس کے پاس چلا جائے گا۔ تاہم، اس سودے کی تکمیل ضروری ضابطہ جاتی منظوریوں پر منحصر ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande