
نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے منگل کو ہیرو ایشیائی چیمپئنز ٹرافی پنجاب 2026 کے لیے ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا۔ گول کیپر کرشن بہادر پاٹھک کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں اپنے خطاب کا دفاع کرنے میدان میں اترے گی۔
ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی میں ہندوستان نے جاپان میں منعقدہ ایشیائی کھیلوں میں تاریخی سونے کا تمغہ جیت کر مسلسل دوسری بار براعظمی خطاب اپنے نام کیا تھا۔ ٹیم میں اس کامیاب مہم کے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ نوجوان ڈیفینڈر امن دیپ لکڑا اور مڈفیلڈر آدتیہ ارجن للاگے کو بھی سینئر ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کا ایک اور موقع ملا ہے۔ 18 رکنی مرکزی ٹیم کے علاوہ مڈفیلڈر وشنوکانت سنگھ اور فارورڈ انگد بیر سنگھ کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے پنجاب میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خاص قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کھیلنا ایک منفرد تجربہ ہوگا۔ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے اور کھلاڑی گھریلو شائقین کے جوش و خروش سے تحریک حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا، ’’ہندوستان میں ٹورنامنٹ کھیلنے جیسا تجربہ کہیں اور نہیں ملتا۔ ہمیں اس کی کمی محسوس ہورہی تھی۔‘‘
پنجاب میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ریاست میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی کے لحاظ سے بھی اہم ہے۔ پنجاب نے ہندوستانی ہاکی کو کئی عظیم کھلاڑی دیے ہیں اور اس کھیل کی ترقی میں ریاست کا اہم کردار رہا ہے۔ جالندھر اور موہالی میں مقابلوں کے انعقاد سے ایشیا کی سرکردہ ہاکی ٹیموں کو اس کھیل کی مضبوط روایت رکھنے والے خطے میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ہندوستان اس ٹورنامنٹ کی موجودہ چمپئن ٹیم ہے اور اب تک پانچ بار خطاب جیت کر مقابلے کی سب سے کامیاب ٹیم بن چکی ہے۔ گھریلو میدان پر ہندوستانی ٹیم اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے ارادے سے اترے گی۔
ٹورنامنٹ کا آغاز جالندھر سے ہوگا۔ اولمپین سریجیت سنگھ ہاکی اسٹیڈیم میں 27 اکتوبر سے 2 نومبر تک افتتاحی تقریب اور لیگ مرحلے کے تمام مقابلے کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مرحلہ موہالی میں منعقد ہوگا۔موہالی کے اولمپین بل بیر سنگھ سینئر انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 4 نومبر کو سیمی فائنل کھیلے جائیں گے، جبکہ 5 نومبر کو تمغوں کے لیے مقابلے ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو گھریلو شائقین کی بھرپور حمایت کی امید ہے اور وہ پنجاب میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی کو یادگار بنانا چاہے گی۔
ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم
گول کیپر: سورج کرکیرا، کرشن بہادر پاٹھک۔
ڈیفینڈر: سنجے، ہرمن پریت سنگھ (کپتان)، امیت روہیداس، جگراج سنگھ، جرمن پریت سنگھ، امن دیپ لکڑا۔
مڈفیلڈر: راجندر سنگھ، آدتیہ ارجن للاگے، نیل کانت شرما، ہاردک سنگھ، من پریت سنگھ۔
فارورڈ: شیلانند لکڑا، ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، دلیپریت سنگھ، من دیپ سنگھ۔
ریزرو کھلاڑی: وشنوکانت سنگھ، انگد بیر سنگھ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan