
نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔ہفتے کے دوسرے کاروباری دن منگل کو شیئر بازار گراوٹ سے ابھرتے ہوئے اضافے کے ساتھ سبز نشان پر بند ہوا ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے بیانات اور آئی ٹی سیکٹر میں اچھال سے شیئر بازار کے دونوں اہم انڈیکس سینسیکس 1109 پوائنٹس کے اچھال اور نفٹی 358.60 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 1,109.10 پوائنٹس یعنی 1.54 فیصد کے اچھال کے ساتھ 73,033.78 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 358.60 یعنی 1.60 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,721.95 کی سطح پر بند ہوا ہے۔ شیئر بازار میں آنے والی اس طوفانی تیزی کی وجہ سے محض ایک دن میں سرمایہ کاروں کے اثاثوں میں 4 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے ایل ٹی سی جی ٹیکس اور سیکورٹیز ٹرانزیکشن ٹیکس پر کیے گئے تبصروں نے سرمایہ کاروں کے حوصلے کو بڑھایا، جس سے شیئر بازار میں تیزی نظر آئی۔ اس کے ساتھ ہی آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط اچھال نے بھی بازار کو رفتار دی۔ ایچ یو ایل اور بجاج آٹو کے شیئروں میں 3 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ ان اہم عوامل نے بازار کے رجحان کو مثبت سمت دی۔ وہیں، امریکی کرنسی کے مقابلے ہندوستانی روپیہ 48 پیسے مضبوط ہو کر 95.30 فی ڈالر (عارضی) پر رہا۔ایک دن پہلے سینسیکس 547.65 پوائنٹس یعنی 0.76 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 71,924.68 کی سطح پر اور نفٹی 157.10 پوائنٹس یعنی 0.70 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 22,363.35 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن