
نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔ ملک کی معروف فوڈ اینڈ بیوریج کمپنی پیپسیکو انڈیا اپنے غذائی مصنوعات اور مشروبات کے کاروبار کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی صارفین کی بدلتی ضروریات کے مطابق اپنی مصنوعات کے پورٹ فولیو کو بھی ترقی دے رہی ہے۔ اس کا مقصد صحت اور غذائیت کے بارے میں بڑھتی ہوئی بیداری کے مطابق صارفین کو مزید متبادل فراہم کرنا ہے۔
پیپسیکو انڈیا نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ صارفین کے پسندیدہ ذائقوں اور صحت کے تئیں بڑھتی ہوئی بیداری کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے کمپنی اپنی مصنوعات کی ترکیب میں تبدیلی، نئی مصنوعات اور پیکنگ کے نئے انداز متعارف کرانے اور مختلف اجزا کے استعمال کے ذریعے بہتر غذائیت پر مبنی متبادل بڑھا رہی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ غذائیت اور مصنوعات کی خصوصیات کے بارے میں زیادہ شفافیت پر بھی زور دے رہی ہے، تاکہ صارفین کو زیادہ انتخاب اور ضروری معلومات دستیاب ہوں اور وہ اپنی ذاتی پسند اور استعمال کے مواقع کے مطابق مناسب مصنوعات کا انتخاب کر سکیں۔
کمپنی کے مطابق، اس کے مشروبات کے کاروبار نے کم اور درمیانی کیلوریز والے متبادل بڑھانے کی سمت میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ فی الحال کمپنی کے مشروبات کے مجموعی پورٹ فولیو میں 70 فیصد سے زیادہ مصنوعات ایسی ہیں جن میں یا تو شکر بالکل نہیں ہے یا کیلوریز کی مقدار درمیانی سطح پر ہے۔ کمپنی کا ہدف وقت کے ساتھ اس تناسب کو بڑھا کر 90 سے 100 فیصد تک پہنچانا ہے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی مصنوعات کی ترکیب میں تبدیلی کے ساتھ کم شکر اور بغیر شکر والے مشروبات کی رینج بھی بڑھا رہی ہے۔ ان مصنوعات میں پیپسی بلیک، سیون اَپ زیرو شوگر، گیٹورڈ زیرو اور نمبوز شامل ہیں۔
پیپسیکو انڈیا کی ساو¿تھ ایشیا چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسر اور سسٹینیبلٹی کی سربراہ یاشیکا سنگھ نے کہا کہ صارفین کے ساتھ آگے بڑھنے کا مطلب ان کی بدلتی ترجیحات کو سمجھنا اور ان کی مختلف پسند کو تسلیم کرنا ہے۔ بہتر متبادل آسانی سے دستیاب کرانا کمپنی کے لیے محض ذمہ داری نہیں، بلکہ اس کے اختراعی طریقہ کار اور ترقی کا بھی اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنے برانڈز کے ذریعے لوگوں کو سوچ سمجھ کر انتخاب کرنے کے قابل بنا رہی ہے اور ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کم اور بغیر شکر والے مشروبات سے لے کر ثابت اناج اور موٹے اناج (ملیٹس) جیسے مختلف اجزا سے تیار کردہ اسنیکس تک، کمپنی ایسے صارفین کے لیے متبادل بڑھا رہی ہے جو اپنی پسند کے بارے میں زیادہ باشعور ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود ذائقہ اور لطف مصنوعات کے تجربے کا بنیادی حصہ برقرار ہیں۔
یاشیکا سنگھ کے مطابق، اس کوشش کا مقصد صارفین کی بدلتی ضروریات کے مطابق مزید متبادل فراہم کرنا اور ہندوستان میں کھانے پینے کی متنوع عادات کو مدنظر رکھنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد