
نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔ حکومت نے تہواروں کے موسم میں ملک بھر کے کروڑوں یو پی آئی صارفین اور دکانداروں کو راحت دیتے ہوئے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کے منتخب لین دین پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) فیس عائد کرنے کا فیصلہ فی الحال ملتوی کردیا ہے۔ یہ فیس 15 اکتوبر سے نافذ کی جانی تھی، لیکن اب اسے دیوالی کے بعد لاگو کیا جائے گا۔ نئی تاریخ کا اعلان الگ سے کیا جائے گا۔
یو پی آئی اینڈ سروسز اسٹیئرنگ کمیٹی نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ کمیٹی کے مطابق، تہواروں کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض مخصوص پرسن ٹو مرچنٹ (پی 2 ایم) یو پی آئی لین دین پر ایم ڈی آر فیس عائد کرنے کے فیصلے کو مؤخر کردیا گیا ہے۔
کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ صنعت سے وابستہ اداروں، تجارتی تنظیموں، فن ٹیک کمپنیوں اور پیمنٹ ایگریگیٹرز کی جانب سے نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) اور وزارتِ خزانہ کے سامنے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ ان مطالبات اور خدشات کے پیش نظر فیس نافذ کرنے کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دسہرہ، دیوالی اور چھٹھ کے تہواروں کے دوران بازاروں میں خریداری بڑھنے کے پیش نظر اس فیصلے کو ملتوی کیا گیا ہے، تاکہ تاجروں اور عام لوگوں کو فوری طور پر اضافی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یو پی آئی ایم ڈی آر، یعنی مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ، وہ فیس ہے جو تاجروں کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے پر ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور بینکوں کو ادا کرنی پڑتی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ یو پی آئی اسٹیئرنگ کمیٹی نے 2,000 روپے سے زیادہ کی بعض مخصوص پی 2 ایم ادائیگیوں پر 0.4 فیصد ایم ڈی آر فیس عائد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس تجویز کو 15 اکتوبر سے نافذ کیا جانا تھا، تاہم اب اسے دیوالی کے بعد تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan