
نئی دہلی، 12 اکتوبر (ہ س)۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت، بلند سطح پر منافع وصولی اور بڑی کمپنیوں کے حصص میں فروخت کے دباو کے باعث گھریلو شیئر بازار ہفتے کے پہلے ہی دن گراوٹ کا شکار ہوگیا۔
فروخت کے دباو میں سینسیکس دن کی بلند ترین سطح سے 1,200 پوائنٹس سے زیادہ ٹوٹ گیا، جب کہ نفٹی بھی اپنی بلند ترین سطح سے 345 پوائنٹس سے زیادہ نیچے آگیا۔ تاہم، بعد میں خریداری کی حمایت سے دونوں اہم اشاریوں کی صورت حال میں کچھ بہتری آئی، لیکن وہ گراوٹ سے پوری طرح نہیں نکل سکے۔ دن بھر کے کاروبار کے اختتام پر سینسیکس 0.76 فیصد اور نفٹی 0.70 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوئے۔ بازار میں زبردست فروخت کے باعث سرمایہ کاروں کی مجموعی دولت میں تقریباً 15 لاکھ کروڑ روپے کی کمی آگئی۔
بی ایس ای کا سینسیکس پیر کو 298.99 پوائنٹس، یعنی 0.41 فیصد کے اضافے کے ساتھ 72,771.32 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی خریداری کے باعث یہ ابتدائی چند منٹوں میں 411.92 پوائنٹس، یعنی 0.57 فیصد بڑھ کر 72,884.25 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم، یہ تیزی برقرار نہ رہ سکی اور کچھ ہی دیر بعد فروخت کا دباو بڑھنے سے سینسیکس اپنی تمام ابتدائی برتری کھو کر سرخ نشان میں آگیا۔
حصص کی مسلسل فروخت کے باعث کاروبار ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے سینسیکس دن کی بلند ترین سطح سے 1,208.15 پوائنٹس ٹوٹ کر 71,676.10 پوائنٹس کی سطح تک آگیا۔ اس وقت یہ 796.23 پوائنٹس، یعنی 1.10 فیصد کی گراوٹ ظاہر کر رہا تھا۔ آخر میں دن کے سودوں کی تکمیل کے دوران ہونے والی خریداری سے سینسیکس نے اپنی نچلی سطح سے 248.58 پوائنٹس کی سطح کی بحالی کی اور 547.65 پوائنٹس، یعنی 0.76 فیصد کی کمی کے ساتھ 71,924.68 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی کاروبار کا آغاز 72.75 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,593.20 پوائنٹس کی سطح پر کیا۔ بازار کھلتے ہی خریداری کے باعث نفٹی کچھ ہی دیر میں 130.65 پوائنٹس یعنی 0.58 فیصد بڑھ کر 22,651.10 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد فروخت کا دباؤ بڑھنے لگا اور نفٹی بھی اپنی ابتدائی برتری کھو کر سرخ نشان میں آگیا۔
کاروبار کے بیشتر حصے میں فروخت کنندگان کا پلڑا بھاری رہا۔ کاروبار ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے نفٹی دن کی بلند ترین سطح سے 346.65 پوائنٹس گر کر 22,304.45 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس وقت اس میں 216 پوائنٹس، یعنی 0.96 فیصد کی کمی درج کی گئی۔ تاہم، اختتام پر خریداری سے نفٹی نے اپنی نچلی سطح سے 58.90 پوائنٹس کی بحالی کی اور 157.10 پوائنٹس، یعنی 0.70 فیصد کی کمی کے ساتھ 22,363.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر میڈیا شعبے کے حصص میں مسلسل خریداری ہوتی رہی ، جس کے نتیجے میں نفٹی کا میڈیا انڈیکس 4 فیصد سے زیادہ مضبوط ہوا۔ کیپٹل گڈز شعبے کے حصص کی مانگ بھی برقرار رہی۔ اس کے علاوہ رئیلٹی، آٹوموبائل، ہیلتھ کیئر اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے اشاریے بھی اضافے کے ساتھ سبز نشان میں بند ہوئے۔
دوسری جانب، آئی ٹی شعبے کے حصص میں مسلسل فروخت کے باعث بی ایس ای کا ٹیک انڈیکس ایک فیصد گر گیا۔ نفٹی کا آئی ٹی انڈیکس بھی 0.79 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔ اس کے علاوہ بینکنگ، ایف ایم سی جی، کنزیومر ڈیوریبلز، میٹل اور آئل اینڈ گیس کے اشاریے بھی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔
بروڈر مارکیٹ میں خریداری کا رجحان رہا۔ اس کے نتیجے میں نفٹی کا مڈ کیپ انڈیکس 0.08 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا، جب کہ اسمال کیپ انڈیکس میں 1.42 فیصد کی تیزی درج کی گئی۔
شیئر بازار میں گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کی مجموعی دولت میں تقریباً 14.73 لاکھ کروڑ روپے کی کمی ہوگئی۔ کاروبار کے اختتام پر بی ایس ای میں درج کمپنیوں کا مجموعی بازار سرمایہ گھٹ کر 466.08 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گیا، جب کہ گزشتہ ہفتے جمعہ کو کاروبار کے اختتام پر یہ 480.81 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح پیر کے کاروبار میں سرمایہ کاروں کو تقریباً 14.73 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
دن بھر بی ایس ای میں 4,736 حصص میں کاروبار ہوا۔ ان میں سے 2,291 حصص اضافے کے ساتھ بند ہوئے، جب کہ 2,164 میں گراوٹ درج کی گئی اور 281 حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
این ایس ای میں 3,285 حصص میں کاروبار ہوا۔ ان میں سے 1,580 حصص سبز نشان میں، جب کہ 1,705 حصص سرخ نشان میں بند ہوئے۔ سینسیکس کے 30 حصص میں سے 7 میں اضافہ اور 23 میں گراوٹ درج کی گئی۔ اسی طرح نفٹی کے 50 حصص میں سے 14 اضافے اور 36 کمی کے ساتھ بند ہوئے۔
دن کے کاروبار کے اختتام پر بڑی کمپنیوں کے حصص میں ڈاکٹر ریڈی لیباریٹریز 2.71 فیصد، بجاج آٹو 2.62 فیصد، ٹی ایم پی وی 1.63 فیصد، بھارت الیکٹرانکس 1.56 فیصد اور بی ایس ای لمیٹڈ 1.31 فیصد کے اضافے کے ساتھ سرفہرست پانچ فائدہ اٹھانے والے حصص میں شامل رہے۔
دوسری جانب، اپولو اسپتال کے حصص میں 3.15 فیصد، آئی ٹی سی میں 3.05 فیصد، ٹیک مہندرا میں 2.85 فیصد، لارسن اینڈ ٹوبرو میں 2.05 فیصد اور میکس ہیلتھ کیئر میں 2.02 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ یہ حصص سرفہرست پانچ نقصان اٹھانے والے حصص میں شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد