
- دہلی میں 13 دسمبر کو مجوزہ میچ کے بارے میں بورڈ نے کوئی فیصلہ نہیں لیا
نئی دہلی، 12 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری دیوجیت سَیکیا نے پیر کے روز ان خبروں کو غلط قرار دیا، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان 13 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونے والا پہلا ون ڈے میچ احمد آباد منتقل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی بورڈ نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
یہ وضاحت دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر جاری بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے کاموں کے درمیان سامنے آئی ہے۔ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں نکاسیٔ آب کا جدید نظام نصب کرنے کے ساتھ پچوں اور آؤٹ فیلڈ کو نئے سرے سے تیار کر رہی ہے۔ اسی وجہ سے میچ کے مقام کو لے کر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
سَیکیا نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا، ’’دہلی میں مقررہ بھارت-سری لنکا ون ڈے میچ کو احمد آباد منتقل کیے جانے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔ بی سی سی آئی نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ہم میڈیا کے ساتھیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ پروگرام سے متعلق کسی بھی تازہ اطلاع کے لیے بی سی سی آئی کے سرکاری اعلانات ہی کا حوالہ دیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ دہرانا ضروری ہے کہ دو طرفہ میچوں کی میزبانی بنیادی طور پر ایک معیاری پالیسی کے تحت تقسیم کی جاتی ہے۔‘‘
بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 16 دسمبر کو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ وہیں تیسرا ون ڈے میچ 19 دسمبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مقرر ہے۔
یہ مقابلے بھارت کے لیے 2027 میں ہونے والے مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لحاظ سے اہم ہیں۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نامیبیا میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ سے پہلے بھارتی ٹیم اپنی حکمت عملی اور کھلاڑیوں کے امتزاج کو حتمی شکل دینا چاہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی