
ڈھاکہ، 9 جنوری (ہ س)۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر ایم نظم الاسلام کی ایک فیس بک پوسٹ نے ملک کی کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ تبصرہ سابق قومی کپتان تمیم اقبال کے ایک حالیہ انٹرویو میں دیئے گئے بیان کے بعد کیا کہ بی سی بی کو آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کرکٹ کو ترجیح دینی چاہیے۔
تمیم کا یہ بیان سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بی سی بی کے بھارت کا سفر نہ کرنے کے فیصلے کے پس منظر میں آیا ہے۔ یہ فیصلہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئندہ آئی پی ایل سے قبل رہا کرنے کے بعد لیا گیا ہے۔
نظم الاسلام کی فیس بک پوسٹ کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’اس بار بنگلہ دیش کے عوام نے اپنی آنکھوں سے ایک اور ثابت شدہ بھارتی ایجنٹ کو ظاہر کیا‘۔
اس تبصرہ نے بڑے پیمانے پر غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ بنگلہ دیش کی کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (سی ڈبلیو اے بی) نے جمعہ کو بی سی بی کے صدر کو خط لکھ کر ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سی ڈبلیو اے بی نے تبصروں کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا اور عوامی معافی کا مطالبہ کیا۔
سی ڈبلیو اے بی نے کہا، سابق قومی کپتان تمیم اقبال کے بارے میں بی سی بی کے ڈائریکٹر ایم نظم الاسلام کے تبصرے ہماری توجہ میں آئے ہیں، ہم حیران، دکھی اور غمزدہ ہیں۔ 16 سال تک ملک کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیش کے سب سے کامیاب اوپننگ بلے باز کے خلاف اس طرح کے تبصرے مکمل طور پر قابل مذمت ہیں۔
تنظیم نے کہا کہ کسی بھی کرکٹر کے خلاف اس طرح کے الفاظ پوری کرکٹ برادری کی توہین ہیں اور بورڈ حکام کے ضابطہ اخلاق پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔ سی ڈبلیو اے بی نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ڈائریکٹر عوامی طور پر معافی مانگیں اور جوابدہ ہوں۔
کئی موجودہ بنگلہ دیشی کرکٹرز نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس تنازع پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان میں تسکین احمد، مومن الحق اور تیج الاسلام شامل ہیں۔
تیج الاسلام نے کہا کہ میں سابق قومی کپتان تمیم اقبال کے حوالے سے بی سی بی ڈائریکٹر کے تبصرے سے حیران ہوں، بورڈ کے ایک اہلکار کی جانب سے ایسے الفاظ کا استعمال نہ صرف نا مناسب ہے بلکہ مکمل طور پر ناقابل قبول اور ہمارے کرکٹ کلچر کے خلاف ہے۔
انہوں نے عوامی معافی اور احتساب کا مطالبہ دہرایا۔ مومن الحق نے اسے ملک کی کرکٹ برادری کی توہین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ایک سینئر کرکٹر کو کم سے کم عزت بھی نہیں دی گئی بلکہ سرعام ذلیل کیا گیا، اتنی بڑی ذمہ داری پر فائز شخص کی جانب سے ایسی زبان بالکل نامناسب ہے۔'
فاسٹ باو¿لر تسکین احمد نے بھی تبصروں کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'کرکٹ بنگلہ دیش کی جان ہے، ملک کے لیے اہم کردار ادا کرنے والے سابق کپتان کے بارے میں ایسے تبصرے بنگلہ دیش کرکٹ کے بہترین مفاد میں نہیں ہیں، مجھے امید ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے اور مستقبل میں زیادہ ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ