
میونسپل انتخابات کے لیے بی جے پی منشور منظرعام پر ، وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں دستاویز کی رونمائیاورنگ آباد، 9 جنوری (ہ س)۔ اورنگ آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے میونسپل کارپوریشن انتخابات کے منشور کی رونمائی وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ منشور میں شہر کی مجموعی ترقی، شہری سہولیات کے فروغ اور آئندہ دہائیوں کے لیے منظم منصوبہ بندی کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔چکل ٹھانہ صنعتی علاقے کے پریزیڈنٹ لانز میں منعقدہ اس تقریب میں بی جے پی کے کئی سینئر رہنما شریک ہوئے۔ منشور میں بتایا گیا ہے کہ نئی پانی کی فراہمی کی اسکیمیں نافذ کی جائیں گی اور 685 کروڑ روپے کے بجٹ سے شہر کی سڑکوں کی بہتری کے کام انجام دیے گئے ہیں، جن کا مکمل خاکہ پیش کیا گیا۔بی جے پی نے آئندہ 25 برسوں کی ترقی کے لیے جالنہ روڈ پر متبادل راستے، چکل ٹھانہ سے والوج تک فلائی اوور، شندرا، والوج، بدکین اور ہسول کے درمیان نیو میٹرو کے امکانات پر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مخصوص علاقوں میں شرائط نرم کرنے، ہر گھر کو پی آر کارڈ دینے اور اضافی فلور اسپیس فراہم کرنے کی بھی بات کہی گئی ہے۔منشور کے مطابق کچرا انتظام، سڑکوں کی تزئین و آرائش، سولر اسٹریٹ لائٹس کے ذریعے توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ اورنگ آباد میٹرو ریجنل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام، ٹریفک مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ نگر، سبزی منڈیوں، پارکنگ سہولیات، بزرگوں اور بچوں کے لیے ڈے کیئر اور تفریحی مراکز کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ خواتین کے لیے سٹی بسوں میں 50 فی صد رعایت اور میونسپل خریداری میں خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو ترجیح دینے کے وعدے بھی منشور کا حصہ ہیں۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے