
نئی دہلی، 9 جنوری (ہ س) ۔
محکمہ کسٹم نے آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ کا پردہ فاش کیا ہے۔ جمعہ کو معلومات دیتے ہوئے، کسٹم کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بنکاک سے دہلی پہنچنے والے چار ہندوستانی مسافروں سے بھاری مقدار میں گانجا/چرس اور اسمگل شدہ سگریٹ برآمد ہوئے ہیں۔ ضبط شدہ مواد کی تخمینہ قیمت تقریباً 43.15 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق 5 جنوری کو بنکاک سے پروازوں ٹی جی-315 اورٹی جی-331 میں دہلی پہنچنے والے مسافروں کو 6 جنوری کو ٹرمینل-3 پر اسپاٹ پروفائلنگ کی بنیاد پر گرین چینل پر روکا گیا، اس کے بعد مسافروں کے سامان کو ایکسرے اور تلاشی کے لیے بھیج دیا گیا۔تلاشی کے دوران چار ٹرالی بیگز (دو نیلے، ایک گرے اور ایک جامنی) سے 36 پولی تھین پاو¿چ برآمد ہوئے جن میں سبز رنگ کی نشہ آور چیز تھی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ مواد چرس/گانجا ہے، جس کا وزن کل 43.135 کلوگرام ہے۔ دو دیگر ٹرالی بیگز (ایک پیلا اور ایک آسمانی نیلا) سے گولڈ فلیک برانڈ کے سگریٹ کی 76 ڈنڈیاں بھی برآمد ہوئیں۔
ابتدائی طور پر، برآمد شدہ مادہ چرس/گانجہ اور سگریٹ پائے گئے۔ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ یہ کیس نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹنسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ 1985 کے سیکشن 8 کی خلاف ورزی ہے، جو سیکشن 20، 23 اور 29 کے تحت قابل سزا ہے۔
کسٹم حکام نے 7 جنوری کو مختلف اوقات میں چار مسافروں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 43(بی) کے تحت گرفتار کیا۔ چرس/گانجہ، سگریٹ، چھپانے کا مواد اور پیکیجنگ مواد بھی ضبط کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں کون کون ملوث ہے اور اس کے پیچھے کون ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ