
نئی دہلی/حیدرآباد، 31 جنوری (ہ س)۔ فرانس کی کمپنی ایئربس کارپوریٹ ہیلی کاپٹرز کو ایک نجی بھارتی صارف سے تین ہیلی کاپٹروں کے آرڈر موصول ہوئے ہیں۔ ان میں ایک ایچ175 ہیلی کاپٹر اور دو اے سی ایچ160 ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔ تاہم، کمپنی نے ان کی قیمتوں کے بارے میں کوئی معلومات شیئر نہیں کی ہیں۔
ایئربس کارپوریٹ ہیلی کاپٹرز نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایک نجی بھارتی صارف کے ساتھ دو اے سی ایچ160 ہیلی کاپٹر اور ایک ایچ175 ہیلی کاپٹر کے لیے آرڈر پر دستخط کیے ہیں۔ یہ آپریٹر پہلے ہی اے سی ایچ160 کا صارف ہے اور اب بھارت کا پہلا ایچ175 ہیلی کاپٹر صارف بن گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق، بھارتی سول مارکیٹ میں سپر-میڈیم ٹوئن انجن ہیلی کاپٹر کی شمولیت کے ساتھ، ایچ175 ہیلی کاپٹر 16 نشستوں کی ترتیب میں پیش کیا جائے گا۔ اس کی ڈیلیوری 2026 میں متوقع ہے۔ جبکہ دو اے سی ایچ160 ہیلی کاپٹر صارف کی ضروریات کے مطابق خصوصی طور پر کنفیگر کیے جائیں گے، جن کی ڈیلیوری 2027 میں کی جائے گی۔
بھارت اور جنوبی ایشیا میں ایئربس ہیلی کاپٹرز کے سربراہ سنی گگولانی نے کہا کہ دو اے سی ایچ160 کے لیے یہ ریپیٹ آرڈر اور ایک بھارتی صارف کی جانب سے پہلا ایچ175 آرڈر ملک میں سول ہیلی کاپٹر مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی پختگی کو ظاہر کرتا ہے۔ دونوں ہیلی کاپٹر مسافر برداری کے لیے بالکل موزوں ہیں اور شاندار آرام کے ساتھ بہتر کارکردگی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صارف کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہیں اور ہمارے پروڈکٹس پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایئربس کارپوریٹ ہیلی کاپٹرز کا اے سی ایچ160 قابلِ اعتماد ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو طاقت اور خوبصورتی کا شاندار امتزاج ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس، اے سی ایچ160 بزنس لیڈرز کو وقت اور فاصلے کی رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، تاکہ وہ درست وقت پر درست جگہ اہم فیصلے کر سکیں۔
وہیں، سپر میڈیم ایچ175 اپنی ورسٹیلٹی، رینج اور پے لوڈ صلاحیتوں کے ساتھ ایئربس ہیلی کاپٹرز کے سول پورٹ فولیو کو مکمل کرتا ہے۔ اپنی کلاس میں سب سے کم وائبریشن اور آواز کے اثرات، اور جدید ہیلیونکس سیفٹی سسٹم کے ساتھ، ایچ175 مسافر برداری کے لیے غیر معمولی آرام اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد