
کھمم میں 362 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ایڈولاپورم میں سنگ بنیاد رکھا
حیدرآباد , 19 جنوری (ہ س)۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز کھمم ضلع کے ایڈولاپورم میونسپلٹی میں تقریباً 362 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور کئی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان اقدامات سے علاقے میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بڑا فروغ ملنے کی امید ہے۔کھمم کے ایڈولاپورم میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں میں آبپاشی، تعلیمی ادارے، ہاسپٹل اور مارکیٹ انفراسٹرکچر شامل ہیں، جن کا مقصد عوامی سہولتوں اور روزگار کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران کئی اہم منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا، جن میں منیرُو–پالیرو لنک کینال، ایڈولاپورم میں جے این ٹی یو کالج، کوسومنچی میں 100 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال، مدولپلی میں نیا مارکیٹ یارڈ اور نئی تعمیر شدہ ایڈولاپورم نرسنگ کالج شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے کھمم ضلع میں آبپاشی، طبی سہولتوں اور اعلیٰ تعلیم کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ان پروگراموں میں نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرامارکا، وزراء اتم کمار ریڈی، تمّلا ناگیشور راؤ، پونگولیتی سرینواس ریڈی کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ سرکاری نرسنگ کالج کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے نرسنگ طلبہ سے ملاقات کی اور ایک اہم اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نرسنگ طلبہ کے لیے جاپانی اور جرمن زبان کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ جاپان اور جرمنی جیسے ممالک میں روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں، جہاں نرسنگ شعبے میں مانگ بہت زیادہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق زبان ہی واحد رکاوٹ تھی اور اس کے حل کے لیے حکومت نے معاہدے کر لیے ہیں، جلد ہی نرسنگ کالجوں میں زبان سکھانے والے اساتذہ تعینات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کو سب سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے اور مقصد غریب عوام کو معیاری تعلیم اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے طبی پیشے سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ غریبوں کی خدمت کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں اور نرسنگ طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیشے میں مہارت حاصل کر کے ملک کا نام روشن کریں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے مدولپلی میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کی وضاحت کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست میں جن اہل افراد کے پاس راشن کارڈ نہیں ہیں، وہ درخواست دینے پر کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ بھدراچلم کے رام مندر کو ایودھیا کے رام مندر کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔ کھمم کے ایڈولاپورم میں 362 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے تلنگانہ کی مجموعی ترقی اورفلاحی روڈ میپ میں ایک اہم قدم قراردئیے جارہے ہیں۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق