
سلطان پور، 17 جنوری (ہ س)۔ اتر پردیش کے سلطان پور ضلع میں پوروانچل ایکسپریس وے پر کل رات تقریباً ایک بجے سڑک حادثہ میں تین مزدوروں کی موت ہوگئی۔ سات دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
رائے بریلی سے ایک پک اپ ڈرائیور ویرو کل رات 14 مزدوروں کے ساتھ اعظم گڑھ جا رہا تھا۔ راستے میں نامعلوم ٹرک نے پک اپ کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر کے بعد ٹرک ڈرائیور غازی پور کی طرف فرار ہو گیا اور پک اپ الٹ گئی۔
اس حادثے میں اجے کمار (30) ولد رام نریش ساکن گمبھیر پور، رائے بریلی، کشن پال (30) کی جائے وقوعہ پر موت ہوگئی ،جنہیں دوست پور سی ایچ سی مردہ حالت میں لایا گیا۔ رجولی (35) ولد رام نریش ساکن گمبھیر پور، رائے بریلی کی امبیڈکر نگر ضلع اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔
متاثرین میں اشوک (40)، نریش پاسی (45) ولد شری رام، رام پرساد (40) ولد ننکو، ونود (40) ولد گرودیو، دلیپ (35) ولد شیو شنکر، راجیش (40) ولد بھورے لال اور راجو (30) ولد رام نریش شامل ہیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد ان سبھی کو دوست پور اسپتال سے امبیڈکر نگر ضلع اسپتال ریفر کردیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران شدید دھند کے باعث ایک اور حادثہ پیش آیا۔ سلطان پور سے بہار کی طرف مرغیوں کو لے کر جانے والی ایک پک اپ نے پہلے سیفٹی کون کو ٹکر ماری اور پھر حادثے کا شکار ہونے والی پک اپ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پک اپ ڈرائیور سلمان امیٹھی کے سنگرام پور تھانہ کھوپور بزرگ کا رہنے والا ہے۔ ٹکرمیں پک اپ ڈرائیور سلمان زخمی ہو گیا اور اسے ایمبولینس کے ذریعے دوست پور کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں اسے اکبر پور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوست پور کے انسپکٹر انیرودھ سنگھ نے ہفتہ کو بتایا کہ مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ درخواست موصول ہونے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد