
واشنگٹن، 14 جنوری (ہ س). وینزویلا کی عبوری حکومت نے وہاں قید کم از کم چار امریکی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد امریکی شہریوں کی یہ پہلی ایسی رہائی ہے، جس کی اطلاعات باقاعدہ منظر عام پر آئی ہیں۔ یہ ایسے وقت میں ہوئی جب ڈیلسی روڈریگز کی قیادت والی عبوری حکومت نے درجنوں سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا شروع کر دیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے منگل کے روز کہا” ہم وینزویلا میں حراست میں لیے گئے امریکیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ عبوری حکومت کی طرف سے درست سمت میں اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے۔“
محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق،رہائی میں مدد کے لئے محکمہ خارجہ کی ایک ٹیم وینزویلا گئی تھی۔ دریں اثنا، ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کی جیلوں میں قید تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد