
ممبئی، 14 جنوری (ہ س)۔ مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریاست کے سیاسی اور سماجی ماحول کو زہر آلود بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق آج مہاراشٹر جن حالات سے گزر رہا ہے، وہ فڑنویس کی انتخابی حکمت عملیوں کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد ریاست کو بہار جیسی صورتحال میں دھکیلنا ہے۔سپکال نے کہا کہ بی جے پی اور فڑنویس نے جس زہریلی سیاست کو فروغ دیا ہے، اسے عوامی طاقت کے ذریعے ختم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی دباؤ یا لالچ میں آئے بغیر اس زہریلی گھاس کو جڑ سے اکھاڑ دیں اور جمہوری اقدار کا تحفظ کریں۔انہوں نے انتخابی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 1 میں کانگریس امیدوار کے شوہر پر تلوار سے جان لیوا حملہ کیا گیا۔ اسی طرح شولاپور میں ایک امیدوار کے قتل، اکولہ اور کھلاپور میں قتل کے دیگر واقعات اور متعدد امیدواروں و ان کے اہل خانہ کو ملنے والی دھمکیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے۔کانگریس صدر کے مطابق ان تمام واقعات کا ایک مشترکہ پہلو یہ ہے کہ نشانہ بننے والے تمام امیدوار اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، جو اقتدار میں بیٹھے بدعنوان اور غنڈہ عناصر کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ظلم کے خلاف لڑنا جرم ہے تو پھر وزیر اعلیٰ فڑنویس کو عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا۔سپکال نے یاد دلایا کہ میونسپل کونسل انتخابات میں کانگریس کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی اور پارٹی ریاست کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن کر ابھری۔ ان انتخابات میں 41 میونسپل صدور اور 1,006 کونسلرز کانگریس کے منتخب ہوئے، جبکہ تقریباً 2,000 نشستوں پر پارٹی دوسرے نمبر پر رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھی کانگریس امیدواروں کو واضح اکثریت سے کامیاب بنا کر جمہوریت اور آئین کا دفاع کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے