
نئی دہلی، 14 جنوری (ہ س)۔ دہلی فسادات کی سازش کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے پانچ ملزمین کو ضمانت دینے کے بعد ایک اور ملزم اطہر خان نے ککڑڈوما کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپائی ضمانت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ اپنی درخواست ضمانت میں اطہر خان نے کہا کہ ان کے خلاف الزامات وہی ہیں جن پر سپریم کورٹ نے دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اطہر خان کو دیگر ملزمان کے برابر ضمانت دی جائے۔ سپریم کورٹ نے 5 جنوری کو جن پانچ ملزمان کو ضمانت دی تھی ان میں گلفشہ فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمان، شاداب احمد اور محمد سلیم خان شامل ہیں۔ عدالت نے ان ملزمان کی دو دو لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت منظور کی۔
سپریم کورٹ نے ان ملزمان پر ضمانت کی سخت شرائط عائد کیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ کسی ریلی میں حصہ نہیں لے سکتے اور نہ ہی پوسٹر بانٹ سکتے ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پانچوں ملزمان ٹرائل کورٹ کی اجازت کے بغیر دہلی سے باہر سفر نہیں کر سکتے۔ عدالت نے پانچوں ملزمان کو اپنے پاسپورٹ ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر کسی ملزم کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے تو وہ اس سلسلے میں حلف نامہ داخل کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan