مدھیہ پردیش میں موسلادھار بارش کا دور جاری، اندور-اجین سمیت 18 اضلاع میں آج الرٹ جاری
۔ مانسون سیزن میں اب تک ریاست میں 40 انچ بارش ہو چکی ہے
بھوپال، 5 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں آج جمعہ کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ریاست کے 18 اضلاع میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ آئندہ دو روز تک موسم ایسا ہی رہے گا۔ اس مانسون سیزن میں اب تک ریاست میں اوسطاً 40 انچ بارش ہوچکی ہے جو کہ کوٹے کا 108 فیصد ہے۔ اس کے مطابق ریاست میں مسلسل دوسرے سال معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ مانسون کے ابھی 25 دن باقی ہیں۔ ایسے میں یہ اعداد و شمار مزید بڑھ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ریاست میں چار سسٹم فعال تھے۔ ان میں دو ٹرف شامل ہیں جن میں ایک کم دباؤ کا علاقہ اور ایک سائیکلونک سرکولیشن نظام شامل ہیں۔ نظام کی سرگرمی جمعہ کو بھی دیکھی جا سکتی ہے، اس لیے کئی اضلاع میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ آج رتلام، جھابوا اور علیراج پور میں شدید بارش کا اورنج الرٹ ہے۔ یہاں پانی 8.5 انچ تک گر سکتا ہے۔وہیں نیمچ، مندسور، اندور، اجین، دھار، بڑوانی، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، دیواس، راج گڑھ، گنا، بیتول، چھندواڑہ اور پانڈھرنا میں بھاری بارش کا یلو الرٹ ہے۔ یہاں 24 گھنٹوں میں 2.5 سے 4.5 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ ریاست میں اگلے 2 دنوں تک موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے جمعرات کو بھی ریاست کے 35 سے زیادہ اضلاع میں بارش ہوئی تھی۔ اندور میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر یعنی 2.3 انچ بارش ہوئی۔ رتلام میں 2 انچ سے زیادہ بارش ہوئی۔ بھوپال، بیتول، دتیا، گوالیار، پچمڑھی، شیوپور، اجین، چھندواڑہ، جبل پور، کھجوراہو، منڈلا، نرسنگھ پور، نوگاوں، ریوا، ستنا، سیونی، سیدھی، ٹیکم گڑھ، بالاگھاٹ، نرمداپورم، شیو پوری، کھنڈوا، رائسین، ودیشا، مندسور، اشوک نگر، کھرگون، شاجاپور، دھار، سیہور، راج گڑھ، آگر مالوا، دیواس وغیرہ میں ہلکی سے تیز بارش ہوئی۔
ادھر اندور میں کانہا ندی کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے۔ کرشنا پورہ پل کے قریب دو افراد پھنس گئے تھے جنہیں میونسپل کارپوریشن اور پولیس ٹیم نے ریسکیو کیا۔ اجین میں شپرا میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے گھاٹ کے کنارے پر واقع مندر ڈوب گئے۔ پانی ان کے گنبد تک پہنچ گیا۔ رتلام میں ریلوے اسٹیشن کا پلیٹ فارم نمبر 4 پانی میں ڈوبا رہا۔ جنتا کالونی، پی اینڈ ٹی کالونی، جواہر نگر سمیت کئی رہائشی علاقے بھی زیر آب آگئے۔ کھنڈوا میں اومکاریشور اور اندرا ساگر ڈیم کے 21-21 دروازے، جبل پور میں برگی ڈیم کے 15، اندور میں یشونت ساگر ڈیم کے 6، شیو پوری میں مڑی کھیڑا ڈیم کے 6، رتلام میں دھولاواڑ ڈیم کے 5،اٹارسی میں توا ڈیم کے 3 دروازے، رائسین میں حلالی ڈیم کے 2 اور مندسور میں کالابھاٹا ڈیم کے 2 دروازے کھلے رہے۔ راجدھانی بھوپال کے بڑا تالاب میں بھی پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن